Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سنی اتحاد کونسل نے مجوزہ ”ہتک عزت بل 2024“ مسترد کردیا، صحافیوں کے ساتھ احتجاج کا اعلان

حکومت پنجاب نے ہتک عزت بل منظوری کے لئے ایجنڈے پر رکھ لیا
شائع 19 مئ 2024 07:17pm

سنی اتحاد کونسل نے پنجاب حکومت کا مجوزہ ”ہتک عزت بل 2024“ مسترد کردیا ہے، اس حوالے سے سنی اتحاد کونسل نے پنجاب کی صحافتی تنظیموں سے رابطے بھی کئے ہیں۔

اپوزیشن اور صحافتی تنظیموں نے بل کے خلاف لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے۔

اپوزیشن اراکین اسمبلی اور صحافیوں نے پیر کو بل کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، کل اسمبلی اجلاس سے قبل پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔

سنی اتحاد کونسل نے اسمبلی میں بھی بل کا معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

’پنجاب کا ہتک عزت اور وفاق کا پیکا ترمیمی بل آزادی اظہار کیلئے خطرہ ہے‘، میڈیا تنظیموں میں تشویش

اسمبلی کے علاوہ سنی اتحاد کونسل نے مال روڈ پر بھی احتجاج ریکارڈ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے واک بھی کریں گے۔

پنجاب اسمبلی اجلاس کل، ہتک عزت بل منظوری کیلئے ایجنڈے پر رکھ لیا

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا، حکومت پنجاب نے ہتک عزت بل منظوری کے لئے ایجنڈے پر رکھ لیا۔

پنجاب اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا، سرکاری بزنس میں ہتک عزت بل 2024 منظور کروایا جائے گا جبکہ تمام صحافتی تنظیمیں ہتک عزت بل کو مسترد کرچکی ہیں۔

صحافتی تنظیموں نے کل پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کی کال دے رکھی ہے وہی اپوزیشن نے بھی ہتک عزت بل کو مسترد کرکے اس کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کل صحافتی تنظیموں سے ملاقات کا اعلان

ادھر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کل صحافتی تنظیموں سے ملاقات کا اعلان بھی کیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صحافی نمائندوں سے کل 12 بجے پنجاب اسمبلی میں وزیر اطلاعات کے آفس میں ملاقات ہوگی، ہتک عزت قانون سے متعلق صلاح مشورہ ہوگا، ہتک عزت کا قانون تمام صحافیوں کی مشاورت سے لائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف فیک نیوز کا خاتمہ ہے، جھوٹی اور من گھڑت افواہوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

punjab assembly

Sunni Ittehad Council

Punjab Defamation Bill 2024