Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مالی سال 23 : قرض میں اضافہ ، سود کی ادائیگیوں سے حکومتی اخراجات بڑھ گئے

2022 کے سیلاب سے میکرو اکنامک خلا کو مزید بڑھا دیا ہے، حکام
اپ ڈیٹ 17 مئ 2024 10:13am

مہنگائی کے نتیجے میں شرح سود میں اضافے سے مالی سال 23-2022 میں قرضوں اور مارک اپ ادائیگیوں کی حکومتی لاگت میں اضافہ ہوا۔

بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق یہ بات فنانس ڈویژن کے بجٹ ونگ اور اقتصادی مشیر ونگ (ای اے ڈبلیو) نے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے اپنے مالیاتی پالیسی بیان جنوری 2024 میں کہی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی سال 2023 عالمی سطح پر اجناس کے سپر سائیکل اور ادائیگیوں کے توازن کے بحران جیسے متعدد چیلنجوں کی وجہ سے غیر معمولی رہا ہے جبکہ سیلاب 2022 نے میکرو اکنامک کمزوریوں کو مزید بڑھا دیا ہے۔

افراط زر میں اضافے کے جواب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے مالی سال 2023 کے دوران شرح سود میں مجموعی طور پر 825 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کرکے 22 فیصد کردیا۔

نتیجتاً حکومت کی قرض لینے کی لاگت میں اضافہ ہوا، جو مارک اپ ادائیگیوں پر اخراجات میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

مالی سال 23-2022 میں مارک اپ ادائیگیوں پر اخراجات 5 ہزار 696 ارب روپے رہے جبکہ بجٹ میں اس کا تخمینہ 3 ہزار 950 ارب روپے لگایا گیا تھا۔

اسی طرح مالی سال 2023ء کے لیے سبسڈیز کا بجٹ تخمینہ 664 ارب روپے تھا جس میں پاور سیکٹر کے لیے 535 ارب روپے شامل تھے، سبسڈیز کی فراہمی کے لیے اصل اخراجات 1080.3 ارب روپے رہے۔

ان میں بجٹ تخمینے 535 ارب روپے کے مقابلے میں بجلی کے شعبے کے لیے 870.3 ارب روپے، بجٹ میں تخمینہ 65 ارب روپے کے مقابلے میں پیٹرولیم کے لیے 100.6 ارب روپے اور بجٹ میں لگائے گئے 23 ارب روپے کے مقابلے میں دیگر مدوں میں 69 ارب روپے کے سبسڈیز اخراجات شامل ہیں۔

مالی سال کے تجزیے میں بجٹ اور اقتصادی مشیر ونگز نے بتایا کہ مالی سال 2023 میں زبردست سیلاب آیا جس کے نتیجے میں منفی نمو (0-17 فیصد) ہوئی اور مجموعی وفاقی مالیاتی خسارہ 5.8 فیصد کے بجٹ ہدف سے زیادہ رہا۔

تاہم، مجموعی توازن میں بگاڑ زیادہ سود کی ادائیگیوں کی وجہ سے تھا جس نے موجودہ اخراجات میں اضافے کو آمدنی میں اضافے کے مقابلے میں زیادہ رکھا۔

مالی سال 2023 ء کے دوران ریونیو کلیکشن میں کمی اور زیادہ مارک اپ ادائیگیوں کی وجہ سے وفاقی مالیاتی خسارہ 7.9 فیصد رہا۔

مالیاتی خسارے میں اضافے کا سبب بننے والے اہم عوامل وفاقی حکومت کے کنٹرول سے باہر ہیں جن میں شرح سود میں تیزی سے اضافہ اور شرح مبادلہ کی قدر میں کمی شامل ہیں۔

پالیسی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 سے 2025-26 کے لئے وسط مدتی حکمت عملی پیپر میں معاشی ترجیحات کا راستہ بیان کیا گیا ہے اور مالی سال 2024 کے لئے مالی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ محصولات حاصل کرنے ، اخراجات کو معقول بنانے اور میکرو اکنامک اشاریوں کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پائیدار نقطہ نظر پر زور دیا گیا ہے۔

وسط مدتی فریم ورک ایک روڈ میپ فراہم کرتا ہے، جس میں اگلے چند سالوں کے لئے حکومت کی ترجیحات اور مقاصد کا خاکہ پیش کیا گیا ہے اور اسٹریٹجک ترجیحات میں مالی استحکام کے حصول کے لئے اقدامات پر عمل درآمد بھی شامل ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ محتاط رہے اور بدلتے ہوئے معاشی حالات کے مطابق ڈھل جائے ، خاص طور پر غیر یقینی صورتحال اور عالمی چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے۔

مالی ذمہ داری اور قرضوں کی حد بندی ایکٹ، 2005 ء میں بیان کردہ مضبوط مالیاتی انتظام کا عزم، معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہونے، خسارے کو کم کرنے اور عوامی قرضوں کو مؤثر طریقے سے منظم کرنا ترجیح رہے گا۔

پاکستان

pakistan economy

Business Community