Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر ریکارڈ طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے...
شائع 16 مئ 2024 11:15am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر وکیل درخواست گزار سے ریکارڈ طلب کر لیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی۔

سرکاری وکیل نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ زرتاج گل کا نام پی این آئی ایل میں شامل ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کس کے کہنے پر نام پی این آئی ایل میں ڈالا گیا؟ کون نام شامل کرتا ہے؟ جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے کہنے پر نام پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا، پی این آئی ایل میں نام ایف آئی اے شامل کرتا ہے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ زرتاج گل کے خلاف اسلام آباد اور پنجاب میں 5 مقدمات درج ہیں جس پر وکیل درخواست گزار اسامہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ جو کیس بتائے گئے ان تمام میں زرتاج گل ضمانت پر ہیں، جو ضمانت پر ہو اسکا نام بھی پی این آئی ایل لسٹ میں شامل کر دیا جاتا ہے۔

دوران سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ زرتاج گل کتنے کیسوں میں ضمانت پر ہیں؟ آئندہ سماعت پر درخواست گزار عدالت میں پیش ہوں۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے زرتاج گل کے وکیل کو ریکارڈ سمیت اگلے ہفتے پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی۔

pti

ECL

Zartaj Gul

Islamabad High Court

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Exit Control List (ECL)