Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

تمام تندوروں کو فوری طور پر ڈی سیل کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم

ڈپٹی کمشنر آج نان بائی ایسوسی ایشن سے روٹی کی قیمت پر مشاورت کریں
شائع 11 مئ 2024 01:25pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں روٹی کی قیمت سے متعلق کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے جاری تمام تندوروں کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ روٹی کو زیادہ قیمت پر بیچنے والے گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا روٹی کی قیمت سے متعلق 26 اپریل کا نوٹیفکیشن برقرار رہے گا، نان بائی ایسوسی ایشن ضلعی انتظامیہ کے 26 اپریل کے نوٹیفکیشن کی پاسداری کرے۔

تحریری حکم نامہ کے مطابق 8 مئی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن عدالت میں پیش ہوئے، درخواست گزار کے مطابق انتظامیہ نے روٹی کی قیمت کا تعین کرتے ہوئے نان بائی ایسوسی ایشن سے مشاورت نہیں کی۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے روٹی کی قیمت کے تعین کیلئے نان بائی ایسوسی ایشن سے مشاورت پر رضا مندی ظاہر کی ہے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد آج ہفتے کے روز 12 بجے نان بائی ایسوسی ایشن کو اپنے دفتر مشاورت پر مدعو کریں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے اجلاس کی رپورٹ 3 روز میں عدالت میں جمع کرائی جائے۔

Islamabad High Court

tandoor

Nanbai Association