Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی والوں کو ایسی سزا دیں گے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، وزیراعظم

9 مئی کو دوست کے لبادے میں ملک سے دشمنی کرنے والے سزا سے بچ نہیں سکیں گے، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 09 مئ 2024 09:57pm

وزیراعظم شہباز شریف نے 9 مئی 2023 کو پیش آنے والے واقعات کومنظم منصوبہ بندی کے تحت ریاست کے خلاف بغاوت، ملک میں اور افواج کے اندر تقسیم پیدا کرنے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو اکسانے والے افراد کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملے گی، 9 مئی کو دوست کا لبادہ اوڑ کر ملک سے دشمنی کرنے والے سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام شہداء کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جمعرات کو یہاں جناح کنونشن سینٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا عنوان ”بے حرمتی ان کی گوارا نہیں، ہونے دینا اب دوبارہ نہیں“ تھا۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے درمیان آکر فخر ہوتا ہے، وطن کے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، شہداء نے دلیری سے وطن عزیز کا دفاع کیا، شہداء کی عظمت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہداء نے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا، شہداء کے ورثاء نے حوصلے اور ہمت سے اپنے پیاروں کی داستانیں بیان کیں، شہداء نے اپنے خون سے پاکستان کی تاریخ رقم کی، آج قوم اپنے شہداء کو سنہری الفاظ میں یاد کررہی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کا وجود شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہے، 2019 میں دشمن نے چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی، جانبازوں نے دشمن کی آنکھ میں آنکھیں ڈال کر جواب دیا۔

مظلوم بننے والے 9 مئی کے اصل لیڈروں کا اب احتساب ہوگا، آرمی چیف

ان کا کہنا تھا کہ عوام 9 مئی جیسی حرکتیں برداشت نہیں کرسکتی، 9 مئی کو ریاست کے خلاف بغاوت کی گئی، افواج پاکستان میں تقسیم کی کوشش کی گئی، 9 مئی کو ملک میں بغاوت کا منصوبہ بنایا گیا، ذمہ داران ہر صورت قانون کے کٹہرے میں آئیں گے، ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا، قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے، ذمہ داران قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے، بے گناہ لوگوں کو کوئی ہاتھ بھی نہیں لگائے گا، 9 مئی کو شہداء کے اہلخانہ کے دل پر قیامت گزری، ملک کی تاریخ میں ایسا سیاہ دن دوبارہ نہیں آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے پاک فوج کے جوانوں کی کوششوں، کاوشوں کے باعث پاکستان نے دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے، پاکستان کو جب بھی کیس چیلنج کا سامنا کرنا پڑا، چاہے جنگ ہو یا امن، ملک کے اندر کوئی سیلاب، طوفان یا کوئی اور قدرتی آفت یا مشکل ہو تو فوج نے عظیم معرکے سر انجام دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب عظیم شہدا کے دلوں کو تکلیف پہنچانے کی مذموم کوشش کی جائے، ان کی قبروں کی برحرمتی کی جائے، پاکستان کی سلامتی کی علامت اداروں کی تذلیل کی جائے، تو میں سمجھتا ہوں کہ 25 کروڑ عوام ایسی حرکتیں برداشت نہیں کرسکتیں۔

نو مئی پر بانی پی ٹی آئی کو معافی کی آفر موجود ہے، خواجہ آصف

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے سانحہ کے اندر جن کا کردار نہیں، ان کو کوئی ہاتھ نہیں لگا سکےگا لیکن جنہوں نے 9 مئی 2023 کے دن ریاست پاکستان کے خلاف بغاوت کی، ملک میں تقسیم در تقسیم کرنے کی حرکت کی، افواج پاکستان میں تقسیم کرنے کی ایک قبیح اور مذموم حرکت کی، منظم منصوبہ بندی کے تحت بغاوت کا ماحول پیدا کیا، لوگوں کو، جھتوں کو اکسایا، وہ قانون کے کٹہرے میں ہر صورت آئیں گے۔

بلوچستان اسمبلی نے سانحہ نومئی سے متعلق مشترکہ مذمتی قرارداد منظور کرلی

انہوں نے کہا کہ ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ضرور ملے گی تا کہ رہتی دنیا تک کوئی اس طرف سوچنے کی جرت بھی نہ کرسکے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہاں موجود ایک شہید کی والدہ نے سوال کیا کہ جو کچھ ہوا، اس کے فیصلے کب ہوں گے تو میں بلا خوف تردید کہنا چاہتا ہوں کہ اطمینان رکھیں، قانون اپنا راستہ اپنائے گا، قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے اور جنہوں نے پاکستان کے خلاف یہ بغاوت اور دشمنی کی ہے، دوست کا لبادہ اوڑ کر دشمنی کی ہے، وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔

وزیراعظم کا نشست سے کھڑے ہوکر شہدا کے لواحقین کا استقبال

جمعرات کو وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام سانحہ 9 مئی کے شہدا اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شرکت کی۔

تقریب میں شہدا کے لواحقین نے بھی شرکت کی، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہدا کے لواحقین کا اپنی نشست سے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔

تقریب سے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا خطاب

تقریب سے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واضح رہے کہ علی ناصر رضوی 9 مئی 2023 کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی آنکھ گنوا بیٹھے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے شہداء کے ورثاءکو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی 2023 کا دن نہیں بھول سکتے۔ چند شرپسند ایک پولیس افسر کی آنکھ لے لیں گے تو کیا وہ جذبہ ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے سر نیچے اور ہمارے سر فخر سے بلند ہیں، ہم شرپسند عناصر کے آگے کسی صورت نہیں جھکیں گے۔

آئی جی اسلام آباد کا مزیدکہنا تھا کہ شرپسندوں کی طرف سے دیئے گئے زخم ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔

تقریب سے شہدا کے اہلخانہ کا خطاب

تقریب سے کرنل سہیل عابد شہید، میجر اکبر اعوان شہید کی بیواؤں اور کیپٹن کاشف شہید کی والدہ نے بھی اظہار خیال کیا۔

شہید میجر اکبر اعوان کی بیوہ نے کہا کہ شہداء ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، میجر اکبر اعوان نے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی اس وطن اور قوم پر نچھاور کیا، اب وقت ہے ہم سب مل کر پاکستان کو سنواریں، پاکستان کو اس مقام تک لے جائیں کہ شہداء کے خاندان فخر کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیں ایک لمحہ بھی تنہا نہیں چھوڑا۔

شہید کرنل سہیل عابد کی اہلیہ نے کہا کہ شہید ہمارا فخر ہیں۔ شہید کیپٹن کاشف کی والدہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے ملک کے لئے جان قربان کی، بیٹے کی شہادت میرے لئے فخر ہے، کاشف جیسے بہادر بیٹے ہوں تو کوئی دشمن ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ہمیں بہت دکھ دیا، 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی سے دلی دکھ ہوا، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کوئی قوم برداشت نہیں کر سکتی۔

عاطف اسلم اور شیراز اُپل نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا

تقریب میں گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نغمہ بھی پیش کیا گیا جبکہ میڈم نور جہاں کا پاک فوج کی عقیدت میں گایا ہوا نغمہ ”اے پتر ہٹاں تے نئی وکدے“ گلوکارہ ہادیہ ہاشمی نے پیش کیا۔

معروف گلوکار شیراز اُپل نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا اور اپنے شہید والد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شیراز اُپل نے کہا کہ شہید کا بیٹا ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات دیکھ کر دلی تکلیف ہوئی، ملک کے لئے جانوں کی قربانی دینے والوں کی قدر کرنی چاہئے۔ شیراز اُپل نے 9 مئی کے حوالے سے اپنا گیت بھی تقریب میں گنگنایا، ”وطن میرے“ عنوان سے گیت کی موسیقی بھی شیراز اپل نے خود ترتیب دی ہے۔

نغمہ نگار جابر عباس کی آواز میں شہداء کو خراج عقیدت

تقریب میں گلوکار اور نغمہ نگار جابر عباس کی آواز میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ترانہ بھی جاری کیا گیا۔ یہ ترانہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ایک ایسے خیال پر تیار کیا گیا ہے کہ اگر شہید ہم سے کچھ کہہ سکتا تو وہ کیا کہتا۔ جابر عباس کی دبنگ آواز میں اس سوچ کو ترانے کی شکل دی گئی ہے۔

تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، پی آئی او مبشر حسن، پاک فوج، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے افسران، جوانوں اور شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

9 May

MAY 9 RIOTS

9 May Cases

9 may incident

PM SHAHBAZ SHARIF

INCIDENTS OF MAY 9