Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

آئی ایم ایف وفد کی رضا مندی سے قبل حکومت بجٹ منظوری سے کترانے لگی

وفاقی کابینہ میں بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی پیش کش ملتوی کرنے کا فیصلہ آئی ایم ایف کے آئندہ دورے کے باعث کیا گیا، ذرائع
شائع 09 مئ 2024 10:54am

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے مالیاتی پالیسی کی منظوری تک حکومت نے بجٹ اسٹریٹجی پیپر 2024 کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری حاصل نہ کرکے قصداً پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کی خلاف ورزی کررہی ہے۔

ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کی بیوروکریسی کو عوام کے منتخب نمائندوں پر ترجیح دی ہے، جو وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی اور سینیٹ کی خزانہ کی قائمہ کمیٹیوں میں بیٹھتے ہیں۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے 10 مئی تک بجٹ اسٹریٹجی پیپر کے لیے منظوری حاصل کرنے کے منصوبے کو روک دیا ہے۔

ایکٹ کے مطابق وفاقی حکومت کو ہر سال 10 مئی تک درمیانی مدت کے لیے مالیاتی اور مالیاتی تخمینوں پر مشتمل بجٹ اسٹریٹجی پیپر کو منظور کرنا ہوتا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ وفاقی کابینہ میں بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی پیش کش ملتوی کرنے کا فیصلہ آئی ایم ایف کے آئندہ دورے کے باعث کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی منظوری کے بغیر کابینہ کے منظور شدہ اعدادوشمار کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔

وزارت خزانہ کے ترجمان نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا 10 مئی سے پہلے کابینہ کی منظوری لی جائے گی یا آئی ایم ایف مشن کے اختتام تک انتظار کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے انکشاف کیا کہ وزارت نے بجٹ اسٹریٹجی پیپر کا مسودہ تیار کر لیا ہے، جسے پہلے آئی ایم ایف کے ساتھ جانچ کے لیے شیئر کیا جائے گا۔

پاکستان

اسلام آباد

Budget 2024 25