Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہم ملک کے وفادار ہیں، سازشی نہیں، ہمیں کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، بیرسٹر گوہر

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 9 مئی واقعات پر جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا
اپ ڈیٹ 08 مئ 2024 11:43pm

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 9 مئی واقعات پر جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے آرمی پبلک اسکول کمیشن اور ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ پبلک کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیئے، آئین میں واضح ہے فوج سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی، مذاکرات کا اختیار صرف وزیر اعظم دے سکتا ہے، چاہے وہ وزیراعظم فارم 47 کی بیساکھیوں پر ہی کیوں نہ کھڑا ہو۔

اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام ”تحفظ آئین پاکستان کیسے اور کیوں؟“ کے عنوان سے سیمنار کا انعقاد کیا گیا جس میں وکلاء، سیاست دان، علماء، سول سوسائٹی کے علاؤہ صحافیوں نے شرکت کی۔

عمر ایوب

اسلام آباد میں تحفظ آئین پاکستان کیسے اور کیوں؟“ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے ہمیں سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری دی تھی، آئین میں واضح ہے کہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی۔

پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ بات چیت کی اتھارٹی صرف وزیر اعظم دے سکتا ہے، چاہے وہ وزیراعظم بیساکھیوں پر ہی کیوں نہ کھڑا ہو، بانی پی ٹی آئی سے گزشتہ ہفتے میری ملاقات ہوئی تھی، عمران خان نے کہا کہ سودے بازی کے لیے تیار نہیں۔

عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دو ٹوک مؤقف کے بعد ہمارا ایک پوائنٹ ایجنڈا یہی ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہو، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام کو بتائیں، آئین و قانون پر سودے بازی نہیں ہو گی۔

الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر پاکستان تحریک انصاف نے وائٹ پیپر جاری کردیا

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئین و قانون کی بالادستی کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، ہم نے ربر بلٹ، آنسو گیس کی شیلنگ برداشت کی، آگ کا دریا عبور کر کے یہاں تک پہنچے ہیں۔

پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی ایک سازش تھی، جس کا تمام تر الزام پاکستان تحریک انصاف پر عائد کر دیا گیا، ہم یہاں بھی یہی کہتے آئے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ مجھ پر ایک کیس ایکسرے مشین کی چوری کا بھی بنایا گیا، ایک کیس کسی کی پرانی موٹر سائیکل چھیننے کا بھی بنایا گیا، ہم پر قتل، اغوا اور دہشت گردی کے پرچے درج کیے گئے، پی ٹی آئی کارکنان نے تشدد برداشت کیا،لاٹھیاں کھائیں، پتہ نہیں ہمارے پاس کون سی ٹیکنالوجی تھی کہ بیک وقت پورے ملک میں جا کر یہ کام کیے، یہ سب لندن پلان کا حصہ تھا، ٹارگٹ اُس وقت کے وزیر اعظم عمران خان تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ٹرین نہیں چلی، جلاؤ گھیراؤ ہوا، اس نقصان کی رپورٹ بھی سامنے لائیں، 9 مئی کو کسی خلائی مخلوق نے ہمیں ایسی مشینیں دیں کہ ہم نے پورے ملک میں بیک وقت حملے کردیے۔

عمر ایوب نے کہا کہ میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے اس پریس کانفرنس کو مسترد کرتا ہوں۔

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے آرمی پبلک اسکول کمیشن (اے پی ایس) اور ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ پبلک کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ فارم 47 کے تحت ہماری 180 نشستیں چھینی گئیں، ہم انتخابی دھاندلی کی مذمت کرتے ہیں، آئین کے مطابق ہر شخص کو اظہار رائے کی آزادی ہے، ارشد شریف کی شہادت کی رپورٹ آنی چاہیئے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ ہم سعودی بھائیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، سرمایہ کاری کو ویلکم کرتے ہیں، ہمارے دور حکومت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود مالی 2021-22 میں شرح نمو 6 فیصد تھی۔ اس کے بعد پی ڈی ایم کے اناڑی وزیر خزانہ آئے، شرح نمو منفی میں چلی گئی۔

شبلی فراز

اس موقع پر سیمنیار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں خوف،سیاسی بے یقنی کی فضا ہے، عوام کو اس ماحول نے ذہنی طور پر مفلوج کردیا ہے، ہمارے بڑوں نے آئین اور قانون کے لیے زندگیاں گزار دیں۔

عمران خان نے پارٹی قیادت کو اسٹیبلمشنٹ اور سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی اجازت دیدی

شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ جمہوری طریقہ تھا، ہم نے آئین کے تحت صوبائی اسمبلیاں توڑیں، آئین کے تحت 90 روز میں انتخابات ہونے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا مستقبل آئین اورقانون کی بالا دستی سے ہے، بانی پی ٹی آئی و دیگر رہنما 9 ماہ سے جیل میں ہے، الیکشن نہ جیتنے والوں نے نگراں حکومت کی مدت بڑھائی۔

لطیف کھوسہ

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ ریاست صرف عوام ہے باقی ملازم ہیں، آپ ملازم ہو آپ ادارہ بھی نہیں ہو، آئین کی پاسداری سب پر لازم ہے چاہے آرمی چیف ہو یا چیف جسٹس۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ کل ایک مضحکہ خیز پریس کانفرنس ہوئی، بانی پی ٹی آئی کہتا ہے میں ان زنجیروں کو توڑوں گا، کیا ملازموں سے مفاہمت کی جاتی ہے، معافی کی بات کی جاتی ہے معافی تم مانگو گے، معافی مانگیں کس سے تم سے مانگیں، جناح ہاؤس پر بھی تم نے قبضہ کیا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پرامن وکلاء پر تشدد کیا گیا، وکلاء پرآنسو گیس کے شیل برسائے گئے، پرامن وکلاء کو حراست میں لے لیا گیا۔

محمود خان اچکزئی

سیمینار سے خطاب کے دوران سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جس دن پاکستان کے آئین کو چھیڑنے اور مارشل لاء لگانے کی کوشش تو ہمارے کارکنان سڑکوں پر ہوں گے، جب تک ادارے اپنے اپنے حدود میں نہیں رہیں گے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کل کی پریس کانفرنس میں فارم 47 کی طرح حقائق دیے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی بارہا کہہ چکے ہیں ملک بھی ہمارا ہے فوج بھی ہماری ہے۔

بیرسٹر گوہر نے وضاحت دیتے ہوئے کہ ہم نے کبھی بھی آئی ایم ایف کو پاکستان کی امداد روکنے کے لئے خط نہیں لکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے وفادار ہیں، سازشی نہیں، ہمیں کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، ہم نے تاریخی جلسے کیے کبھی ایک گملہ بھی نہیں توڑا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ انتشار پھیلے گا تو نقصان سب کا ہوگا۔

اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا تمام ادارے اپنے دائرے کے اندر رہتے ہوئے اپنی ذمے داری سنبھالیں، ہم اپنے اوپر لگے الزامات کی جوڈیشل انکوائری چاہتے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک میں آئین مظلوم ہے، 9 مئی واقعات کا فائدہ شیطان کو ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچے کے ڈاکو چھوٹے اور پکے کے ڈاکو بڑے ڈاکو ہوتے ہیں۔

مولانا محمد خان شیرانی

سیمینار سے خطاب میں مولانا محمد خان شیرانی نے بھی 9 مئی واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔

لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ کا سیاست اور جمہوریت سے رول ختم ہونا چاہئیے، ہم اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کے بغیر ہونے والے انتخابات کو مانیں گے۔

pti

Omar ayub

shibli faraz

اسلام آباد

imran khan

Omar Ayub Khan

umar ayub

pti leaders

latif khosa

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)