Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

شہریوں کی سلامتی کیلئے کراچی کے داخلی راستوں پر باڑ لگانے کا فیصلہ

آئی جی کی صدارت میں عیدالاضحیٰ سے متعلق جائزہ اجلاس، پولیس کو چیک پوائنٹس میں اضافے کی ہدایت
شائع 05 مئ 2024 01:42pm

شر پسندوں کی آمد روکنے اور شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر خاردار تاروں کی باڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خاردار تاروں کی باڑ ناردرن بائی پاس پر لگائی جائے گی۔

اس سلسلے میں سندھ کے آئی جی غلام نبی میمن کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ سینٹرل پولیس آفس میں ہونے والے اجلاس کے شرکا میں ڈی آئی جیز اور اے آئی جیز بھی شامل تھے۔ اجلاس کا مقصد عیدالاضحیٰ کی آمد پر سیکیورٹی سے متعلق معاملات کا جائزہ لینا تھا۔

سندھ کے آئی جی نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ شہر کے داخلی اور خارجہ راستوں کی نگرانی سخت کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کسی کو غیر قانونی طور پر شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے اور یہاں جرائم میں ملوث افراد کو فرار ہونے سے روکا جائے۔

انہوں نے پولیس کو چیک پوائنٹس بناکر سخت نگرانی کی ہدایت کی اور شہر کے داخلی راستوں کی عکس بندی یقینی بنانے پر بھی زور دیا جائے۔ ساتھ ہی ساتھ آئی جی نے شہر میں سیکیورٹی کا نظام بنانے کی خاطر سڑکوں پر باڑ لگانے سے متعلق بھی تجاویز طلب کیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ مقامی طور پر سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے تمام علاقوں میں چیک پوائنٹس بنائیں اور اسنیپ چیکنگ یقینی بنائیں۔ گزشتہ برس شہر کے باہر لگائی جانے والی مویشی منڈی جانے اور وہاں سے واپس آنے والوں کو مختلف مقامات پر لُوٹنے کے متعدد واقعات رونما ہوئے تھے۔

IG Sindh

KARACHI FENCING

SECURITY FOR CITIZENS

MORE CHECKPOINTS