Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سعودی سرمایہ کاری اور منصوبوں کی پیشرفت پرجائزہ اجلاس ہوا
شائع 03 مئ 2024 06:56pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اعظم نے اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں، سعودی قیادت کی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے معاونت کی پیشکش خوش آئند ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے، سعودی فرمانروا اور ولی عہد یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

پاک سعودیہ نئے دور کا آغاز ہوگیا، چند روز میں سعودی وفد پاکستان آئے گا، وزیراعظم

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دورے کی بہترین تیاری کے لیے متعلقہ وزرا اور افسران کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

سعودی وفد کی پاکستان کی کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی جائے، امید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں ، پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس کو سعودی عرب کی جانب سے کاروباری شخصیات کے اعلیٰ سطحی وفد کے آئندہ چند روز میں دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا۔

پولیو ایک موزی مرض ہے پاکستان سے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے عالمی انسداد پولیو اقدام کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

وزیر اعظم نے وزارت اطلاعات کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے ایک مشترکہ ہمہ گیر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرت ہوئے کہا کہ پولیو ایک موزی مرض ہے، پاکستان سے اس کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، انسداد پولیو مہم میں شامل تمام اداروں کا احتساب اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ویکسینیشن ٹیمز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، سعودی عرب کی جانب سے انسداد پولیو کے لیے 500 میلین ڈالر کے عطیے کا اعلان خوش آئند ہے، انشاء اللہ بہت جلد پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

وزیراعظم اور بل گیٹس کی ملاقات، مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق

ان کا مزید کہنا تھا خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان میں تعاون ہونا ضروری ہے۔

وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات سے آگاہ کیا اور انسداد پولیو کے لیے حکومت پاکستان کے عزم پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت مختار ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

وفد کی قیادت ڈاکٹر کرسٹوفر ایلائییس نے کی جس میں ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت ایمرو ریجن ڈاکٹر حنان بلخی، جنوبی ایشیاء کیلئے ریجنل ڈائریکٹر یونیسیف سنجے ویجیسیکرا، سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے پولیو برانچ چیف ڈاکٹر اوموٹایو بولو، پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر لؤو ڈاپینگ و دیگر بھی موجود تھے۔

Saudia Arabia

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Saudi Arabia Visit

Saudi Pakistan relations