Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند، ایک پر جرح مکمل

ریفرنس میں مجموعی طور پر اب تک 26 گواہان کے بیانات قلمبند اور 17 گواہوں پر جرح مکمل کی جاچکی ہے
شائع 03 مئ 2024 04:23pm

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ایک گواہ کا بیان قلمبند جبکہ ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت کی، سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی و دیگر کے علاؤہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء ظہیر عباس، عثمان گل اور بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب نے فہرست سے 10گواہ ترک کروا دیے۔

دوران سماعت 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید ایک گواہ کا بیان ریکارڈ جبکہ ایک گواہ پر جرح مکمل کرتے ہوئے دوسرے گواہ پر ابتدائی جرح کے بعد ریفرنس پر سماعت 8 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

شہباز حکومت نے 190 ملین پاونڈ کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اب تک مجموعی طور پر 26 گواہان کے بیان قلمبند اور 17 گواہوں پر جرح مکمل کی جاچکی ہے۔

یاد رہے کہ 28 اپریل کو سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں مزید 4 گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے تھے۔

23 اپریل کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں مزید 6 گواہوں کے بیان قلمبند کر لیے گئے تھے۔

6 اپریل کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند کر لیا گیا تھا۔

کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ رواں سال 6 جنوری کو ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ پر فردِ جرم عائد نہیں ہوسکی تھی۔

بعد ازاں 6 مارچ کو ہونے والی سماعت میں نیب کے 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے تھے۔

عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض سمیت ریفرنس کے 6 شریک ملزمان کو اشتہاری اور مفرور مجرم قرار دے دیا تھا۔

اس سے قبل 4 جنوری کو بھی عمران خان اور ان کی اہلیہ پر فرد جرم نہیں عائد ہوسکی تھی اور 190 ملین پاؤنڈز ریفرنسز میں درخواست ضمانت پر نیب کی جانب سے دلائل دیے گئے تھے جس کے بعد سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی گئی تھی۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: وکلاء کی جرح مکمل، مزید 6 گواہوں کے بیان قلمبند

واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔

190 ملین پاؤنڈ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست ضمانت مقرر کرنے کی ہدایت

عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔

پاکستان

imran khan

bushra bibi

190 million pounds scandal

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Imran Khan Bushra Bibi