Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جاوید چوہدری کے ’انکشافات‘ پر شیر افضل مروت بھڑک اٹھے

لفافی صحافی قرار دے دیا، عمران خان شیرافضل پر سخت ناراض ہیں، جاوید چوہدری
اپ ڈیٹ 03 مئ 2024 02:11pm
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے سینئر صحافی جاوید چوہدری کے کچھ حالیہ انکشافات پر سخت ترین ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان شیر افضل مروت سے سخت ناراض ہیں اور ان کا نام بھی ملاقاتیوں کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔

مروت نے جاوید چوہدری کو ’لفافی صحافی‘ قرار دے کر پارٹی کارکنوں اور میڈیا کی توجہ کے لیے ٹک ٹاک کا کلپ شیئر کیا ہے۔

شیر افضل مروت نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ٹک ٹاک کا کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’جاوید چوہدری نامی ایک لفافی صحافی کا درج ذیل کلپ دیکھیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ چوہدری ہیں کیونکہ ان کی عادتیں ان کی کچھ اور عکاسی کرتی ہیں‘۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ’جاوید چوہدری نے اپنے وی لاگ میں جو کچھ کہا ہے وہ جھوٹ ہے اور میں جانتا ہوں کہ وہ میرے مخالفین کی زبان بول رہا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کٹھ پتلی کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ میں ایک وکیل کی حیثیت سے ان مقدمات کو نمٹا رہا ہوں جو یہ طے کرتے ہیں کہ خان صاحب سے کس کو اور کب ملنا چاہیے، میں پچھلے 8 مہینوں سے ایک ہفتے میں تقریباً دو بار خان صاحب سے مل رہا ہوں اور جیل کا ریکارڈ اس کی تصدیق کرے گا‘۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ بہت سے لوگ اپنے سینے میں درد محسوس کرتے ہیں جب میں خان صاحب سے ملتا ہوں اور اس مسخرے نے جو جھوٹ بولے ہیں وہ ان کی اذیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’اس لفافی نے جو کچھ کہا ہے وہ سب جھوٹ ہے۔ عام طور پر ایسے گھٹیا لوگوں کو تردید کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن میں لوگوں کو اس کی ذات کے بارے میں بتانا چاہتا تھا۔ وہ رو رہا ہے کیونکہ میں نے ان کے شو میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا کیونکہ میں صحافیوں کے لبادے میں کٹھ پتلیوں کی قدر نہیں کرتا‘۔

واضح رہے کہ شیئر کئے گئے ٹک ٹاک ویڈیو کلپ میں جاوید چوہدری کو یہ کہتے سنا گیا کہ ’شیر افضل مروت کا نام فہرست میں نہ ہونے کا باوجود وہ دو مرتبہ جیل پہنچے اور عمران خان سے ملاقات کی، جس میں بانی پی ٹی آئی نے انھیں ٹھیک ٹھاک ڈانٹا‘۔

جاوید چوہدری نے مزید کہا کہ ’شیرافضل مروت سے عمران خان نہیں ملنا چاہتے تھے۔ دو مرتبہ شیر افضل کا نام ملاقاتیوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور جان بوجھ کر تحریک انصاف کے اپنے لوگوں نے شامل نہیں کیا تھا‘۔

سینئر اینکر نے مزید کہا کہ شیر افضل کا کمال دیکھیے کہ وہ بغیر نام کے عمران خان کے پاس چلے گئے، اب سوال یہ ہے کہ کس نے ان کا نام شامل کروایا جب بانی پی ٹی آئی نے ہی اجازت نہیں دی تھی، ملاقات کے حوالے سے جو کمیٹی بنی تھی اس میں سے کسی نے شیر افضل مروت کا نام شامل نہیں کیا گیا تھا۔

جاوید چوہدری نے ڈانٹنے کی وجہ بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’شیر افضل کو خواجہ آصف سے ملاقات کرنے پر عمران خان نے جھاڑ پلائی ۔ جس کے جواب میں شیر افضل نے کہا کہ میں نے خواجہ آصف کے پاس ملاقات کرنے نہیں گیا، ملاقات چلتے چلتے ہوئی تھی یہ مجھے بدنام کرنے کی سازش ہورہی ہے، جب کہ شیر افضل کا یہ جواب سن کر عمران خان تھوڑے ڈھیلے پڑ گئے‘۔

پاکستان

Journalists

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)