Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مہنگائی کی شرح میں غیر متوقع کمی، پیٹرول مزید سستا کرنے کا حکومتی اشارہ

2 سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، وزیراعظم
شائع 02 مئ 2024 08:12pm

محکمہ ادارہ شماریات نے مہنگائی کی شرح میں غیرمعمولی کمی کا دعویٰ کیا ہے، اپریل میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 17.3فیصد رہی جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لئے اچھی خبر قرار دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کا اشارہ دے دیا۔

وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2 سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، 16 ماہ میں جو محنت کی، نگراں حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے، مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔

وزیراعظم کا مزید مہنگائی کا اشارہ، سرکاری مراعات ختم کرنے کا اعلان

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی، سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

مہنگائی کی شرح میں غیرمعمولی کمی کا دعویٰ، 17 فیصد پر آگئی، ادارہ شماریات

محکمہ ادارہ شماریات نے مہنگائی کی شرح میں غیرمعمولی کمی کا دعویٰ کیا ہے، اپریل میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 17.3فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں مہنگائی کی شرح 20.7 فیصد تھی جبکہ اپریل میں مہنگائی میں 3.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔

مزیدپڑھیں: پاکستان نے مہنگائی، حکومتی اخراجات پر قابو پالیا، گردشی قرضے کم کیے، آئی ایم ایف

ادارہ شماریات کے مطابق شہری علاقوں میں شرح میں 0.1 فیصد کی کمی اآئی جبکہ شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 19.4فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق مچھلی 2.49 فیصد مہنگی اورآلو 2.29 فیصد مہنگے ہوئے اور گوشت کی قیمت میں 1.94 فیصد اورخشک دودھ 1.34 فیصد اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں ایک ماہ پیاز15.58 فیصد اورسبزیاں 11.98 فیصد سستی ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں گندم کی قیمت میں 10.44 فیصد کی کمی ہوئی اور آٹا 9.67 فیصد سستا اور ٹماٹر 6.23 فیصد سستے ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں شرح سود 23 سال کی بلند ترین سطح پر برقرار

ادارہ شماریات کے مطابق شادی ہال چارجز، جوتے، کپڑے، موٹر فیصل مہنگے ہوئے جبکہ ایک ماہ تعلیمی سروسز ، ٹرانسپورٹ سروسز، گھر کے کرایوں میں اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے عالمی بینک اور آئی ایم ایف نے پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان میں رواں برس مہنگائی کی شرح 20 فیصد سے زائد رہے گی جب کہ 2025 میں یہ شرح کم ہوکر 15 فیصد پر آئے گی۔

گزشتہ ماہ کے آغاز میں عالمی بینک نے آئندہ سال مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کی تھی۔ عالمی بینک نے رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 26 فیصد جبکہ مالی سال 2025 میں15 فیصد تک اور مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔

بعدازاں اپریل کے وسط میں آئی ایم ایف نے اگلے مالی سال مہنگائی میں 12.1 فیصد کی نمایاں کمی متوقع ظاہر کی تھی، رواں سال بے روزگاری 8 فیصد اور اگلے سال 7.5 فیصد رہنے کی بھی پیش گوئی کی تھی۔

Shehbaz Sharif

پاکستان

اسلام آباد

Inflation

Petrol

petroleum prices

petrol price hike

PM Shehbaz Sharif

Pakistan Inflation