Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزن کم کرنے کی باپ کی ضد نے بچے کی جان لے لی

ٹریڈ مل سے بچہ بار بار گرتا مگر سنگدل باپ اُسے بار بار ٹریڈ مل پر ڈالتا تھا
شائع 02 مئ 2024 11:49am

امریکا میں سفاکی کا انوکھا کیس سامنے آیا ہے۔ نیو جرسی کے کرسٹوفر گریگر نے اپنے 6 سالہ بیٹے کورے مِسیولو پر زور دیا کہ وہ وزن کم کرنے کے لیے ورزش کرے۔ کورے کا وزن زیادہ نہیں تھا مگر اس معاملے میں باپ کی ضد نے یوں زور پکڑا کہ اُس نے بیٹے سے بدسلوکی بھی شروع کردی۔ اس کے نتیجے میں 6 سالہ کورے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

شواہد کی بنیاد پر جرم ثابت ہونے کی صورت میں کرسٹوفر گریگر کو عمر قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق کورے کو باپ کی طرف سے وزن کم کرنے کے سلسلے میں شدید دباؤ کا سامنا تھا۔ بچہ ٹریڈ مل پر دوڑ نہیں پاتا تھا، بار بار گر پڑتا تھا مگر باپ اُسے زبردستی ٹریڈ مل پر دوڑاتا تھا۔

جب کورے باپ کی توقعات کے مطابق ورزش کرنے میں ناکام رہا تو وہ مشتعل ہوکر مار پیٹ بھی کرتا رہا۔ کرسٹوفر گریگر بیٹے کا وزن گھٹانے کے معاملے میں جنونی ہوگیا تھا۔ اِسی پاگل پن نے بیٹے کی جان لے لی۔

دو دن قبل عدالتی کارروائی کے دوران اٹلانٹک ہائٹس کلب ہاؤس نامی فٹنس سینٹر کی 20 مارچ 2021 کی سی سی ٹی وی کیمرا فوٹیج بھی چلائی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریڈ مل سے بچہ بار بار گرتا ہے مگر باپ اُسے بار بار ٹریڈ مل پر ڈالتا ہے اور ڈانٹتا بھی ہے کہ ڈھنگ سے دوڑو۔ ایک مرحلے پر کرسٹوفر گریگر نے مشتعل ہوکر بیٹے کی گردن پر کاٹ بھی لیا۔

کورے کی ماں بریانا مِسیولو نے جب عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا تب فٹنس سینٹر کی فوٹیج دیکھتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر روئی۔ برایانا نے بچے کے جسم پر زخموں کے نشان دیکھے تو اسے نیو جرسی ڈویژن آف چائلڈ پروٹیکشن اینڈ پرمیننسی لے گئی تھی۔ 2 اپریل 2021 کو وہ کورے کو ایک ڈاکٹر کے پاس لے گئی جہاں کورے نے بتایا کہ اُسے باپ نے ورزش پر مجبور کیا تھا۔

باپ کی بدسلوکی سے کورے کے ذہن پر شدید دباؤ پڑا۔ ذہن میں جھٹکے لگے اور سانس لینے میں دشواری پیش آئی تو ماں اسے اسپتال لے گئی۔ وہاں لائف سپورٹنگ سسٹم بھی لگایا گیا مگر کورے جانبر نہ ہوسکا۔ جولائی 2021 میں کرسٹوفر گریگر کو گرفتار کیا گیا۔

new jersey

US BOY

TREADMILL

PRESSURED BY FATHER

COREY MISSIOLO

HEARTLESS BEHAVIOUR