Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب میں بھی پولیس چوکی پر حملہ، اہلکاروں نے دہشت گرد مار بھگائے

7 اہلکار زخمی ہوئے، دہشت گرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے، پولیس
اپ ڈیٹ 01 مئ 2024 12:27pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پنجاب پولیس نے دہشتگردوں کا تونسہ کی نواحی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا۔ بہادری سے لڑتے ہوئے 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہمارا عزم ہے۔

پچھلے دو برس کے دوران خیبرپختونخواہ میں پولیس چوکیوں پر اس قسم کے متعدد دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں تاہم پنجاب میں یہ اس نوعیت کا پہلا حملہ ہے جس میں چوکی پر قبضے کی کوشش کی گئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 دہشت گردوں نے تاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے حملہ کیا۔

حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا گیا۔

جھنگی چوکی پر تعینات 7 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں اے ایس آئی عمران، کانسٹیبلزعامر،عاشق ، رحمت اللہ، ثنا اللہ، طارق شامل ہیں۔

زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو علاج معالجے کیلئے نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے بھرپور مقابلہ کرنے پر پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز نے زخمی اہلکاروں کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہمارا عزم ہے۔

punjab

Punjab police

terrorist attacks

Pakistan Law and order situation