Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

عدت نکاح کیس میں خاور مانیکا کا سیشن جج پر عدم اعتماد، کیس منتقلی کی درخواست مسترد

آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیے گئے تو کیس کا فیصلہ سنا دیا جائے گا، عدالت
اپ ڈیٹ 30 اپريل 2024 03:07pm

دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت میں شکایت کنندہ خاورمانیکا نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

مزیدپڑھیں: عمران خان، بشری بی بی اور خاور مانیکا کے درمیان عدالت میں تلخ کلامی

دوران سماعت شکایت کنندہ خاور مانیکا عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور جج شاہ رخ ارجمند پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ عدت نکاح کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند ہی کر رہے ہیں۔

دوران سماعت خاور مانیکا نےکہا کہ میری درخواست ہے میرا کیس کسی اور عدالت میں منتقل کیا جائے۔

جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ آپ نے کیسے سوچ لیا کہ عدالت کسی کی ہمدردی میں چلے گی، میری پوری زندگی میں یہ پہلا کیس ہے کہ کوئی مجھ پر عدم اعتماد کررہا ہے۔

اس پر خاور مانیکا نے کہا کہ ٹرائل کی سماعتوں میں یکم جنوری کا نکاح نامہ سامنے آیا ہے جبکہ اس سے قبل یکم جنوری کے نکاح سے انکار کیا جاتا رہا۔

جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکیس دیے کہ آپ نے اور میں نے قبر میں جانا ہے ، میری حد تک آپ بتا دیں کہ کیا مسئلہ ہے۔

خاورمانیکا نےکہا کہ پورے خاندان میں مشہور ہے کہ جج صاحب ملزمان کو بری کردیں گے۔ جس پر پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم نے کہا کہ ایک جملے پر کیس ٹرانسفر کرنے کا کہنا توہین عدالت میں آتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جسٹس بابر ستار نے عدم اعتماد کی درخواست پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ جس کے بعد پی ٹی آئی وکلا اور خاور مانیکا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

بعدازاں جج شاہ رخ ارجمند نے عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے متفرق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے خاور مانیکا کی عدم اعتماد اور کیس دوسری جگہ منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 8 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیے گئے تو کیس کا فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

Nikah Case

Khawar maneka

Iddat Nikah Case

Imran Khan Bushra Bibi