Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری جان باس آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

جان باس پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے
شائع 27 اپريل 2024 11:39am
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے انتظامی امور اور نائب انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور جان باس آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جان باس قطر اور پاکستان کا سفارتی دورہ کریں گے جو 26 اپریل سے 30 اپریل تک شیڈول ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینئر عہدیدار قطری حکام کے ساتھ افغانستان کے مسئلے پر تبادلہ خیال کریں گے اور پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر توجہ مرکوز کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں انڈر سیکریٹری باس پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور امریکا پاکستان شراکت داری کے حصے کے طور پر علاقائی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکی انڈر سیکرٹری آئندہ ہفتے اسلام آباد پہنچیں گے، دورے میں پاک امریکہ تعلقات پر مفصل جائزہ لیا جائےگا، پاکستانی قیادت سےاقتصادی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی ایشوز پر بات ہوگی، پاک امریکہ معاشی و تجارتی تعلقات پرتبادلہ خیال کیاجائےگا۔

محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں وہ قطری حکومت کے اعلیٰ حکام اور دیگر سفارتی مشنز سے ملاقاتیں کریں گے جس میں افغانستان کی حمایت اور خطے میں سلامتی کے مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور 11 ہزار میگاواٹ کی شمسی توانائی کی صلاحیت نصب کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے جو ملک میں رہائشی کھپت کا ایک تہائی پورا کرے گا۔

یاد رہے کہ جان باس دسمبر 2017 سے جنوری 2020 تک ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے تحت افغانستان میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

USA

Pakistan US relations

John Bass