Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

عدالت نے سستی روٹی کا نوٹفکیشن معطل کردیا

تندور والوں سے پوچھا کہ آٹا کتنے کا آرہا ہے یا لوگوں کو خوش کرنے کیلئے آرڈر جاری کردیا؟ عدالت کا استفسار
اپ ڈیٹ 25 اپريل 2024 12:11pm
The Notification of reduction naan prices is suspended - Aaj News

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن 6 مئی تک معطل کردیا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ضلعی انتظامیہ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تندور والوں سے پوچھا کہ آٹا کتنے کا آرہا ہے؟ یا لوگوں کو خوش کرنے کیلئے آرڈر جاری کردیا؟

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی، جس میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے نمائندے نے بتایا کہ قانون میں ترمیم کی گئی اور ڈی سی اوز کو اختیار دیا گیا تھا۔

نمائندے نے مزید بتایا کہ کنٹرولر جنرل پرائسز اینڈ سپلائزز وفاقی حکومت مقرر کرے گی جسے قیمتوں کا تعین کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ کنٹرولر جنرل کی پاور سیکشن تھری کے تحت نہیں، جس کا نوٹیفکیشن کیا گیا اس کے ساتھ نوٹیفکیشن میں کوئی حوالہ بھی نہیں، اسلام آباد میں آٹا مہنگا اور رینٹ زیادہ ہیں۔

عدالت نے پوچھا کہ پنجاب میں 120 گرام کی روٹی 25 روپے میں ہے؟

جس پر نمائندہ ضلعی حکومت نے مؤقف اپنایا کہ متعلقہ افسرموجود نہیں، مناسب وقت دے دیں۔

عدالت نےآئندہ سماعت تک روٹی نان سستی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے سماعت 6 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔

Islamabad High Court

Sasti Roti