Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

معیاری تعلیم کا فروغ اولین ترجیح، کوشش ہے کوئی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو، وزیراعظم

شہباز شریف سے برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد کی ملاقات
شائع 23 اپريل 2024 07:39pm

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو، اس کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت برطانیہ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن سر اسٹیو اسمتھ نے کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، پاکستان میں برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو، اس کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے

وزیراعظم شہبازشریف کی فرانس اور برطانیہ کے دورے کی تیاریاں

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے صوبہ پنجاب میں ایجوکیشن اینڈو مینٹ فنڈ قائم کیا تھا، اسی قسم کے اقدامات وفاق میں بھی اٹھائیں گے، تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے حکومت ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آر ہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں برطانوی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم برطانیہ کے ساتھ تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، پاکستانی اور برطانیہ کی جامعات کے مابین ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں اشتراک ہونا چاہیئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستانی اساتذہ کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے مدد گار ثابت ہوسکتا ہے، پاکستان برطانیہ کے تعلیمی شعبے کی استعداد سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستانی اور برطانوی جامعات ریسیپروکل بنیادوں پر ڈگری پروگرامز شروع کر چکی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف رواں ماہ سعودی عرب جائیں گے

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور اس کا معیار بہتر بنانے کے لیے برطانیہ کے تعلیمی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، جدید تعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے، برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے پاکستان کا دائرہ کار مزیدبڑھا رہا ہے۔

وفد کی جانب سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ایجوکیشن گیٹ وے پاکستان کا دائرہ کار مزید پھیلایا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک میں تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

United Kingdom

PM Shehbaz Sharif

UK Universities

uk delegation