Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خیبرپختونخوا میں بارشیں: مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 63 ہوگئی

پی ڈی ایم اے نے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی
شائع 21 اپريل 2024 01:56pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 63 افراد جاں بحق جبکہ 78 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث 12 اپریل سے اب تک ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں، جس کے مطابق اب تک صوبے بھر میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 63 افراد ہلاک اور 78 کے قریب زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات مییں جاں بحق ہونے والے افراد میں 33 بچے، 15 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں جبکہ اس دوران 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 3 ہزار 202 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 477 گھروں کو مکمل جبکہ 2 ہزار 725 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 27 اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سیلاب اور بارش سے 355 جانور بھی متاثر ہوئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے 110 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ قبائلی اضلاع کے لیے 90 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔

تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات ضلع خیبر، دیر اپر و لوئر،چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مھمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام سمیت دیگر اضلاع میں ہوئے۔

مزید پڑھیں

ملک میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں 98 افراد جاں بحق

پاک فوج اور ایف سی کا گرینڈ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن

یاد رہے پاکستان میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ 12 اپریل سے 15اپریل تک جاری رہا تھا اور پھر دو روز کے وقفے کے بعد 17 اپریل سے بارش برسانے والا ایک اور نظام ملک میں داخل ہو گیا تھا جس دوران ملک کے طول و عرض میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہوئیں۔

خیبر پختونخوا

peshawar

Met Office

death casualties

rainy weather

kpk rain

Balochistan Rain