Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب کے 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس،1081 حساس قرار

پنجاب پولیس ضمنی الیکشن کے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد کیلئے تیار ہے، آئی جی پنجاب
شائع 21 اپريل 2024 10:49am

ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، پنجاب کے 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس،1081 حساس قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

اسی حوالے سے آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس ضمنی الیکشن کے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد کے لیے تیار ہے، 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس اور 1081 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا، لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 35 ہزار سے زائد افسران وجوان ضمنی الیکشن سکیورٹی پر تعینات ہیں۔

ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھادی گئی ہے، پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، امن دشمن عناصر پر کڑی نظر ہے، کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹرز، پولنگ عملے اور شہریوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کریں گے، آرپی اوز،ڈی پی اوز، سی ٹی اوز، سینئر افسران تمام تر انتظامات کا خود جائزہ لیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پراضافی نفری، ڈولفن فورس، کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات ہیں، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من وعن عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے اور انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے پر بلاتفریق کارروائی ہوگی، صوبائی، ریجنل، ڈویژنل اور سی پی او کنٹرول رومز سے انتخابی عمل، سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کی جائے گی، ملک دشمن و شر پسند عناصر کے تدارک کے لیے بارڈر ایریاز چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس افسران سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، پولیس ٹیمیں ڈیوٹی پوائنٹس پر پولنگ عمل اختتام پذیر ہونے تک ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہیں۔

لاہور پولیس ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے مکمل الرٹ

دوسری جانب لاہور پولیس ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے مکمل الرٹ ہے، 24 ایس پیز، 45 ایس ڈی پی اوز انتخابات کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

168 انسپکٹرز، ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشنز ڈیوٹی پر مامور ہیں جبکہ ویمن پولنگ اسٹیشنز اور خواتین ووٹرز کی سیکیورٹی کے لیے لیڈی پولیس تعینات ہے۔

لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر 195پکٹس قائم ہیں جہاں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، 17 ہزار سے زائد پولیس آفیشلز سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

سی سی پی او لاہور

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے مکمل سیکیورٹی فراہم کررہے، اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کے واقعات پر زیرو ٹالرنس ہے، شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

مزید پڑھیں

ضمنی الیکشن: بلوچستان، پنجاب کے متعدد اضلاع میں آج موبائل سروس معطل رہے گی

لاہور میں ن لیگ اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنان میں ہاتھا پائی، شیخوپورہ میں مسلح تصادم

بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کوڈ آف کنڈکٹ پرمن وعن عملدرآمد کروایا جائے گا، انتخابی عمل کے دوران قیام ِامن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

lahore

ccpo lahore

by election

Polling Station

IG Punjab

usman anwar