کے پی حکومت، اسمبلی کے بجائے کابینہ سے ماہانہ بنیاد پر بجٹ منظور کرائے گی
خیبرپختونخوا حکومت نے رواں مالی سال کا بجٹ اسمبلی سے منظوری کے بجائے کابینہ سے ماہانہ بنیاد پر منظور کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال بجٹ بطور سپلمنٹری گرانٹ منظور کرنے کی تجویز ہے، کابینہ اسمبلی کے بجائے آرٹیکل 125 کےتحت ماہانہ بنیاد پر بجٹ منظور کرے گی۔
ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق اسمبلی اجلاس بلانےکی صورت میں اپوزیشن کے مخصوص 25 اراکین سے حلف لینا پڑے گا، اس لئے کے پی اسمبلی کا اجلاس مخصوص نشستوں پرعدالتی ریلیف سے مشروط کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے مخصوص نشستوں پر ریلیف ملنے کی صورت میں اسمبلی اجلاس بلایا جائے گا۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اخراجات جاریہ آئین کے تحت 3 ماہ کیلئے منظور کراسکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اپریل میں اگر اسمبلی اجلاس بلانے کا فیصلہ ہوتا ہے تو اگلے دن ہم بجٹ پیش کرسکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نگراں دور کے 8 ماہ کے ترقیاتی و غیر ترقیاتی فنڈ کی بھی منظوری دے گی۔
Comments are closed on this story.