Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہم غریب صرف اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ کی وجہ سے ہیں، صدر زرداری

تمام سیاستدانوں کو میثاق مفاہمت کی تجویز دیتے ہیں، بلاول، گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب
اپ ڈیٹ 15 اپريل 2024 08:54am

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پارٹی سب کے ساتھ مل کر کام کرے گی، تمام سیاستدانوں کو میثاق مفاہمت کی تجویز دیتے ہیں۔ جب کہ صدر زرداری نے سیاستدانوں کو اپس میں نہ لڑنے کا مشورہ دے دیا۔

گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاال بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا، ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ذوالفقار بھٹو آج بھی زندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہادت کے 45 سال بعد بھی اپنی قبر سے حکومتیں بنا اور گرا رہے ہیں، آج دوصوبوں میں ہمارے جیالے وزرائے اعلیٰ ہیں، چیئرمین سینیٹ بھی پیپلز پارٹی کا ہے، آصف زرداری دوسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپنے پچھلے دور میں ہم نے صوبوں کو حق دیا، ذوالفقار بھٹو ریفرنس میں ہمیں تاریخی کامیابی ملی، یہ کامیابی تمام کارکنان کی کامیابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نے ملک میں مفاہمت کی سیاست متعارف کروائی، کچھ سیاستدان ذاتی انا کیلئے ملک کی قسمت سے کھیلنا چاہتے ہیں، کچھ سیاستدان دھاندلی کا ڈھول بجارہے ہیں، کچھ سیاستدان ملک میں سیاسی عدم استحکام چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ ایسے سیاستدان ہیں جو پی این اے پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، جو اپنی انا کی تسکین کے لیے ملک اور عوام کی قسمت کے ساتھ کھیلتے ہیں، ماضی میں بھی نو ستارہ بنی اور مہم چلائی گئی، یہ نو ستارہ بھٹو کی حکومت ختم کرنا چاہتے تھے، ان کی تحریک کی وجہ سے ملک میں آمریت آئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گالم گلوچ کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان ہوگا اور جمہوریت کا نقصان عوام کا نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سے کہتا ہوں ہوش کے ناخن لیں اور سیاست کے دائرے میں رہ کر سیاست کریں گے، ہمیں لڑائی جھگڑے کے بجائے میز پر بیٹھنا چاہئے، بات چیت کے ذریعے ہمیں بہتری لانی چاہئے۔

چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہم اپنے صوبوں کے عوام کو ہر ممکن ریلیف دلوائیں گے، ہم وفاقی سطح پر بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، ہم عوام کو معاشی بحران سے نکالنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سب کے ساتھ مل کر کام کرے گی، تمام سیاستدانوں کو میثاق مفاہمت کی تجویز دیتے ہیں، چارٹر آف ڈیموکریسی پر بھی 10 فیصد عملدرآمد باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وفاق کے ساتھ مل کر معاشی استحکام کے لیے کام کریں گے، ہم نے میثاق جمہوریت پر 90 فیصد عمل کیا جس سے جمہوریت مستحکم ہوئی اور عوام کو تاریخی فائدہ ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میثاق جمہوریت کا 10 فیصد حصہ عدلیہ کی اصلاحات پر مشتمل ہے جس کے لیے ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں جو بھی عدالت کا دروازہ بجائے اس کوانصاف ملے، ہم پاکستانی عوام کو معاشی ریلیف دینا چاہتے ہیں۔

ہم غریب صرف اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ کی وجہ سے ہیں، آصف زرداری

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بی بی (بینظیر بھٹو) کا فرض پورا کردیا ہے، کچھ دوست سمجھتے تھے میں پارٹی نہیں چلاسکوں گا، لیکن بی بی شہید کو معلوم تھا کہ میں پارٹی سنبھال لوں گا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے ہزاروں جیالوں نے قربانی دی ہے، ہم نےعوام کی طاقت سے جیالوں کو حق دلوایا، میں ایک بار پھر عوام کی طاقت سے صدر منتخب ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان غریب ملک نہیں ہے، اللہ نے ہمیں ہر دولت دی ہے، ہم غریب صرف اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ کی وجہ سے ہیں، ہم آپس میں بیٹھ کر سوچیں تو کیا ہے جو ہمارے پاس نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا ہوتاہے، میں ہر قدم ملک کے مفاد کو مدنظررکھ کر اٹھاتا ہوں۔

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

President Asif Ali Zardari

Zulfiqar Ali Bhutto 45th Death Anniversary