Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب: آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی دن میں 21 افراد جاں بحق، 5 زخمی

ریسکیو سمیت تمام ادارے الرٹ رہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے
شائع 14 اپريل 2024 05:12pm

جنوبی پنجاب میں ایک دن میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات کی تعداد 21 ہو گئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات مظفر گڑھ، رحیم یار خان، راجن پور، لودھراں، بہاولپور اور بہاولنگر میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے بہاولنگر میں 3، بہاولپور میں 3، رحیم یار خان میں 9، مظفر گڑھ میں ایک، راجن پور میں ایک، کوٹ ادو میں ایک اور لودھراں میں 3 افراد جان سے گئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی کی وجہ سے 5 افراد زخمی بھی ہوئے، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی ہدایات جاری کردیں۔

عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، قدرتی آفات کا مقابلہ مل کر اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اپیل کی کہ شہری خراب موسم کی صورتِ حال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور طوفانی بارشوں اور بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ ریسکیو سمیت تمام ادارے الرٹ رہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سفر سے پہلے موسم کی صورتِ حال کا جائزہ لیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ہنگامی صورتِ حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

punjab

PDMA

Thunder Strikes

People killed from thunder strike