Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹیلی نار کی خریداری کیلئے پی ٹی سی ایل کو بڑی مدد مل گئی

قرضوں کی فنانسنگ کی تفصیلات معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے بعد ظاہر کی جائیں گی، پی ٹی سی ایل
شائع 09 اپريل 2024 12:34pm

ورلڈ بینک گروپ کے رکن انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے ٹیلی نار پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی خریداری کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کو 400 ملین ڈالر تک کے قرضے کی منظوری دے دی ہے۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق یہ بات پی ٹی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ارسال کی گئی ہے۔

پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے لیے پی ٹی سی ایل کو 40 کروڑ ڈالر تک کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ آئی ایف سی کے ساتھ فنانسنگ معاہدوں پر دستخط کرنے کے لئے ورک اسٹریمز کو حتمی شکل دینے کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ 31 جولائی 2024 تک یا اس سے پہلے مکمل ہوجائے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ قرضوں کی فنانسنگ کی تفصیلات فنانسنگ معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے بعد ظاہر کی جائیں گی۔

اس اعلان کے بعد پی ٹی سی کے حصص کی قیمت 5.74 فیصد اضافے کے ساتھ 17.12 روپے ہوگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ٹیلی کام کے شعبے میں بڑے پیمانے پر استحکام کے لیے پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار پاکستان کے شیئر ہولڈرز کے ساتھ 108 ارب روپے (385 ملین ڈالر) کے 100 فیصد حصص کے حصول کے لیے حصص کی خریداری کا معاہدہ (ایس پی اے) کیا تھا۔

اس وقت پی ٹی سی ایل نے بتایا تھا کہ اس حصول کو بیرونی قرضوں سے مالی اعانت فراہم کی جائے گی۔

پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹرانزیکشن ٹیلی کام مارکیٹ میں استحکام کا موقع فراہم کرتی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس ٹرانزیکشن سے مشترکہ اداروں کی صلاحیتوں میں بھی بہتری آئے گی اور صارفین کو بہتر کوریج اور خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی اور کاروباری اداروں کے لیے مواصلاتی حل تک وسیع تر رسائی ممکن ہوگی جبکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔

کمپنی نے مزید کہا کہ اس ٹرانزیکشن سے پی ٹی سی ایل گروپ کی موبائل، فکسڈ اور مائیکرو فنانسنگ میں معروف آپریٹر کی حیثیت سے پوزیشن مزید مستحکم ہوگی جو ٹرانزیکشن مکمل ہونے پر 70 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرے گا۔

پی ٹی سی ایل کے بڑے اثاثوں میں یوفون بھی شامل ہے جو پاکستان میں موبائل آپریٹر ہے جس کے 20 ملین سے زائد صارفین ہیں۔

کمپنی کے تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی سال بہ سال 25.8 فیصد اضافے کے ساتھ 190.6 ارب روپے تک پہنچ گئی جس کی بنیادی وجہ صارفین کے شعبے میں مضبوط کارکردگی ہے۔

social media

PTA

ptcl

Telenor