Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستانی طلباء کیلئے رومانیہ میں اسکالر شپس کا اعلان

درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ اور شرائط کیا ہیں؟
اپ ڈیٹ 07 اپريل 2024 09:32pm

پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تعلیمی سال 2024-25 کے لیے اسکالر شپس کا اعلان کردیا ہے۔

رومانیہ کی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی ان اسکالرشپس کا مقصد پولیٹنیکا یونیورسٹی میں خاص طور پر انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم کی حمایت کرنا ہے۔

یونیورسٹی آف پولیٹنیکا بوکاریسٹ کی طرف سے پیش کردہ ماسٹرز پروگرام میں کیمیکل انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، میکینکل انجینئرنگ، انرجی انجینئرنگ، الیکٹرانک انجینئرنگ، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایرواسپیس انجینئرنگ، ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ، کمپیوٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، سسٹم انجینئرنگ، انڈسٹریل انجینئرنگ، اپلائیڈ انجینئرنگ سائنس اور انجینئرنگ اور مینجمنٹ شامل ہیں۔

اسکالر شپس پانے کیلئے درخواست دیتے وقت آپ کی ڈگری کا مکمل ہونا ضروری ہے، نامکمل ڈگریوں والے درخواست دہندگان اسکالر شپ کے اہل نہیں ہوں گے۔

ماسٹرز پروگرام کے امیدواروں کے پاس بیچلر کی ڈگری (16 سال) اور عمر 35 سال سے کم ہونی چاہیے، جبکہ پی ایچ ڈی کے امیدواروں کے پاس ماسٹر ڈگری ایم ایس/ایم فل، (17/18 سال) اور عمر 40 سال سے کم ہونی چاہیے۔

مزید برآں، تمام درخواست دہندگان کو ہائیر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (ایچ ےا ٹی) کا درست سکور فراہم کرنا ہونا۔

شرط کے مطابق ایچ ای سی نامزدگی کے معیار کو تبدیل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے طلباء سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دیں۔

اس کیلئے پروفائل رجسٹریشن کے بعد آپ کو ”یونیورسٹی آف پولیٹنیکا اسکالرشپ“ کا انتخاب کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پولیٹینیکا بوکاریسٹ کے ویب پورٹل پر بھی آن لائن درخواست جمع کرانے کی ضرورت ہوگی۔

ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 مئی 2024 ہے۔

یونیورسٹی پولیٹینیکا بوکاریسٹ کی طرف سے تجویز کردہ تفصیلی ہدایات اور اضافی ضروریات یہاں جانی جاسکتی ہیں۔

scholarships

Higher Education Commission (HEC)

Scholarships in Romania