Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج

مقدمے میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، شاہراہ عام بند کرنے اور اہلکاروں سے مزاحمت سمیت دیگر دفعات شامل
اپ ڈیٹ 05 اپريل 2024 06:43pm

راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، شاہراہ عام بند کرنے اور سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت سمیت دیگردفعات شامل ہیں۔

مقدمہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کرنے سے متعلق لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، شاہراہ عام بند کرنے اورسرکاری اہلکاروں سے مزاحمت سمیت دیگردفعات کے تحت درج کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر سجاد احمد کی مدعیت میں درج کی گئی۔

ایف آئی آرمیں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان، سینیٹر سیمی زیدی، برگیڈیئر ریٹائرڈ مشتاق احمد، عاصمہ قدیر، میجر ریٹائرڈ اقبال خٹک، راجہ عثمان ٹائیگر، زیاد خلیق کیانی، چوہدری میر افضل، شوکت بسرا، کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر، طارق عزیز بھٹی، نیاز اللہ نیازی، شہریار ریاض، تنویر اسلم، سیمابیہ طاہر اور دیگر کو ملزم نامزد کیا ہے۔

مقدمے کے مطابق ملزمان نے لیاقت باغ پولیس ریسکیو ون فائیو کے سامنے سڑک پر رک کر نعرے بازی کی جس پر انہیں متعدد بار سڑک کھولنے اور ٹریفک بحال کرنے کا کہا گیا تاہم وہ مشتعل ہوگئے اور پریس کلب کے سامنے جا کر ہلڑ بازی کی۔ ملزمان نے سرکاری افسران سے مزاحمت کی، لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے نعرے بازی اور ٹریفک میں رکاوٹ ڈالی جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق کہ تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتارنہیں کیا گیا، مقدمہ درج کرنے کے بعد قانونی کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔

rawalpindi

imran khan

rawalpindi police

Aleema Khan

pti azadi march