Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور ہائیکورٹ میں جج سے بدتمیزی کرنے والے وکیل کی گرفتاری کا حکم

عدالت مذکورہ وکیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے، ریفرنس
اپ ڈیٹ 03 اپريل 2024 06:07pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور ہائیکورٹ نے فاضل جسٹس سے بدتمیزی کرنے والے وکیل کو گرفتار کرکے کل پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہورہائیکورٹ میں بدتمیزی کرنے والے وکیل کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے حکومت کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

سماعت شروع ہوئی تو 2 مرتبہ آواز لگنے کے باوجود وکیل کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا، عدالتی حکم پر پراسکیوٹر جنرل پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔

وکلاء نے مؤقف اپنایا کہ وکیل ڈرا ہوا ہے اور ڈر اچھا ہوتا ہے، جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ بس اللہ سے ڈرنا چاہیئے کسی اور سے نہیں۔

وکلاء نے کہا کہ ہم نے پتہ کیا ہے، مذکورہ وکیل صبح پیش ہو جائے گا، جس پر عدالت نے کہا کہ یہ کیا بات ہے کہ وکیل ڈرا ہوا ہے، وہ آج کیوں پیش نہیں ہو رہے؟۔

جس پر لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت مزید کچھ دیر تک ملتوی کردی تاہم سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عدالت نے وکیل کو کل گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

وکیل شیراز نے کہا کہ آپ نئے چیف جسٹس بنیں ہیں آپ کے ہوتے ہوئے یہ سب ہوگا، جس پر چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کہا کہ ہم نے انصاف کی فراہمی کا حلف اٹھایا ہوا ہے، وکیل کوئی آسمان سے نہیں اترا ہوا۔

عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ ایڈوکیٹ زاہد محمود گورایہ عدالت میں چیختے چلاتے رہے، وکیل نے عدالت، بینچ کے بارے میں توہین آمیز اور بے بنیاد الزامات عائد کیے، وکیل فاضل جج کے خلاف عدالت کے اختیار کو چیلنج کرنے کا کہتا رہا۔

ریفرنس میں کہا گیا کہ عدالت مذکورہ وکیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔

بتایا گیا ہے کہ وکیل نے جسٹس سلطان تنویر احمد کی عدالت میں بدتمیزی کی تھی۔

Lahore High Court

cheif justice lhc

Justice Malik Shehzad Ahmed Khan

Justice Malik Shehzad