Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی ماڈل کا ’مس یونیورس‘ مقابلے میں شرکت کا دعویٰ جھوٹا نکلا؟

مس یونیورس آرگنائزیشن نے رومی القحطانی سے متعلق اہم بیان جاری کردیا
شائع 03 اپريل 2024 10:33am
تصاویر: رومی القحطانی/انسٹاگرام
تصاویر: رومی القحطانی/انسٹاگرام

مس یونیورس آرگنائزیشن نے سعودی عرب کی ایک ماڈل رومی القحطانی سے متعلق رپورٹس کی تردید کردی ہے، ماڈل کا کہنا تھا کہ وہ 2024 کے مقابلہ میں شرکت کریں گی۔

ادارے نے کہا کہ سعودی عرب میں ’مس یونیورس‘ کے لیے انتخاب کا عمل نہیں کیا گیا تھا لیکن وہ ”سخت جانچ پڑتال کے عمل“ سے گزررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ، ’اگرچہ سعودی عرب ابھی تک ان ممالک میں شامل نہیں ہے جن کی اس سال مس یونیورس مکمل طور پر شرکت کی تصدیق ہوئی ہے ، لیکن ہم فی الحال ایک ممکنہ امیدوار کو کوالیفائی کرنے اور نمائندگی کے لیے قومی ڈائریکٹر مقرر کرنے سے متعلق سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزر رہے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کو اس وقت تک ہمارے باوقار مقابلے میں شرکت کا موقع نہیں ملے گا جب تک کہ یہ حتمی نہیں ہو جاتا اور ہماری منظوری کمیٹی اس کی تصدیق نہیں کر دیتی۔

آرگنائزر کی جانب سے یہ بیان سعودی ماڈل رومی القحطانی کی جانب سے سوشل میڈیا پر سالانہ مقابلے میں شرکت کے اعلان کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔

انسٹا گرام پر اپنے 10 لاکھ فالوورز کا حوالہ دیتے ہوئے القحطانی کا کہنا تھا کہ مس یونیورس 2024 میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے۔

سعودی پرچم اور ’مس یونیورس سعودی عرب‘ کے سیش کے ساتھ پوز دیتے ہوئے ماڈل نے بتایا تھا کہ ’مس یونیورس مقابلے میں سعودی عرب کی یہ پہلی شرکت ہے‘۔

العربیہ انگلش میں شائع رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے اس اعلان کے بعد رومی القحطانی سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم ان کی جانب سے تاحال اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا گیا ہے۔

مس یونیورس آرگنائزیشن کے بیان کے بعد سے سوشل میڈیا پر رومی القحطانی کے اعلان کو ہٹایا یا تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔

انسٹاگرام بائیو کے مطابق ریاض میں پیدا ہونے والی ماڈل کا مس عرب پیس، مس پلینٹ، مس مڈل ایسٹ سمیت متعدد دیگر ایونٹس میں مملکت کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال ’مس یونیورس‘ ایونٹ ستمبر میں میکسیکو میں منعقد کیا جائے گا جس میں عالمی سطح پر100 سے زیادہ شرکاء شامل ہوں گی۔

Saudia Arabia

Miss Universe

Rumy Alqahtani

Miss Universe 2024