Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت سندھ کا استعمال شدہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پر فزیکل فٹنس چیکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

گاڑیوں کی آن لائن ٹرانسفر کیلئے سافٹ وئیر لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، شرجیل میمن
شائع 02 اپريل 2024 12:50pm

حکومت سندھ نے استعمال شدہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پر فزیکل فٹنس چیکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ایکسائز، ڈی جی ایکسائز، آٹوموٹو ٹریڈرز اینڈ امپورٹررز ایسو سی ایشن کے نمائندگان شریک ہوئے۔

اجلاس میں حکومت سندھ نے استعمال شدہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پر فزیکل فٹنس چیکنگ ختم کرنے اور گاڑیوں کی آن لائن ٹرانسفر کے لیے سافٹ وئیر لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

اجلاس میں تاجروں سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور دیگر مسائل سے متعلق شرجیل میمن کو آگاہ کیا گیا تاہم شرجیل انعام میمن کی جانب سے تاجروں کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔

اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پر دفتری کاغذی کارروائی فی الحال جاری رہے گی تاہم جلد ہی اس کو بھی ختم کردیا جائے گا۔

وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، تاجر، خاص طور پر کراچی کے ٹریڈرز اور امپورٹرس ملکی معیشت میں اہم حیثیت کے حامل ہیں، سندھ حکومت نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن سمیت تاجروں کے دوسرے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، ریڈ لائن بی آر ٹی کی وجہ سے تاجروں کو دشواری نہیں ہوگی، اس ضمن پہلے ہی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔

karachi

Sindh government

USED VEHICLES

transfer vehicles

physical fitness

physical fitness checking