Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

مخصوص نشستوں پر غیرقانونی لوگوں کو حلف نہیں لینے دیں گے، علی امین گنڈا پور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف احتجاج کا اعلان
شائع 02 اپريل 2024 03:37pm
علی امین گنڈاپور (فوٹو:فائل)
علی امین گنڈاپور (فوٹو:فائل)

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اپوزیشن ارکان کے حوالے سے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر غیرقانونی لوگوں کو حلف نہیں لینے دیں گے۔

علی امین گنڈا پور نے خیبرپختونخوا پی اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستیں غیر آئینی طور پر دی گئی ہیں، آئینی طوپر اپوزیشن کی یہ مخصوص نشستیں نہیں بنتیں، مخصوص نشستوں پر ووٹ کا تحفظ یقینی بنائیں گے، آخری حد تک جائیں گے اور مقابلہ کریں گے، سمجھوتا نہیں کریں گے، غیر آئینی و غیر قانونی طور پر منتخب ہونے والے لوگوں حلف نہیں لینے دیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آئین کی پاسداری پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، ملک میں بار بار آئین کو توڑا جارہا ہے، آئین میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوتے ہیں جو کہ نہیں کرائے گئے جب کہ ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع بنا کر نشان چھین لیاگیا، مخصوص نشستیں چھین لی گئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سارا نظام ایک روز بے نقاب ہوگا، کس طرح سے ہماری سیٹیں کسی اور جماعت کو دے دی گئیں؟ میں واضح طور پر کہہ رہاہوں، ہم اس چیز کا مقابلہ کریں گے، ہم آخری حد تک جائیں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے سوال کیا کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایاگیا؟ سائفر پر ابھی تک کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنایاگیا؟ 6 ججز کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بنایا جارہا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق قرار داد پاس کریں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف احتجاج کا اعلان

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

پشاور میں سینیٹ الیکشن پر سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ علی امین گنڈہ پور کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے بعد علی امین گنڈا پور نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ مخصوص نشستوں پرمنتخب ارکان نے غیرقانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنےکی درخواست دی۔

سنی اتحاد کونسل کے اجلاس میں اراکین سے وفاداری کا حلف لیا گیا

ذرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے پشاور میں ہونے والے پارلیمارنی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین سے حلف لیا گیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف لینے کا مقصد ایم پی ایز کی وفادری تبدیل کرنے سے بچانا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ علی امین کا کہنا تھا کہ کسی نے ہارس ٹریڈنگ کا سوچا تو پارٹی میں ان کی جگہ نہیں ہوگی، وفاداری تبدیل کرنےکی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی۔

pti

Senate election

reserved seats

Sunni Ittehad Council