Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی آئی اے ایئر ہوسٹس کینیڈا میں دوبارہ گرفتار، منشیات برآمد

ٹورنٹو ہوائی اڈے پر تعینات پی آئی اے کے دو دیگر اہلکاروں پر حنا ثانی کی مدد کا الزام
شائع 02 اپريل 2024 08:19am

کینیڈین حکام نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایئر ہوسٹس حنا ثانی کے جوتوں سے آئس (منشیات) برآمد کی ہے، فضائی میزبان کو گزشتہ دنوں غیر قانونی سرگرمی کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ٹورنٹو میں غیر قانونی سرگرمی کے شبے میں حراست میں لی گئی پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس حنا ثانی کے معاملے نے حیران کن موڑ لے لیا ہے۔

ابتدائی طور پر رہا کیے جانے کے بعد اب انہیں دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے حنا ثانی کی جیل منتقلی کی تصدیق کی ہے تاہم ان کے خلاف مخصوص الزامات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔ یہ پیش رفت ایسٹر کی تعطیلات کے اختتام پر ہفتہ کے درمیان سامنے آئی ہے۔

توقع ہے کہ کینیڈین امیگریشن حکام انھیں جلد مقامی عدالت میں پیش کریں گے۔

میڈیا رپوٹس کے مطابق حنا ثانی نے مبینہ طور پر ٹورنٹو ہوائی اڈے پر تعینات پی آئی اے کے دو دیگر اہلکاروں فائزہ جاوید اور جمیل کا نام لیا جنہوں نے مبینہ طور پر ان کی مدد کی۔

اطلاعات کے مطابق کینیڈین امیگریشن حکام نے فائزہ اور جمیل سے رات گئے تک پوچھ گچھ کی اور اس معاملے میں ان کے ممکنہ ملوث ہونے کا عندیہ دیا۔

خیال رہے کہ اگر حنا ثانی کو ملک بدر کیا جاتا ہے تو وہ عملے کی حیثیت سے نہیں بلکہ مسافر کی حیثیت سے پاکستان واپس جائیں گی۔

گرفتاری سے قبل حنا کو مبینہ طور پر کینیڈین حکام کی جانب سے وارننگ موصول ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مبینہ طور پر پی آئی اے سے رابطہ کرکے حنا ثانی کے معاملے کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔

PIA

canada

Air hostess