Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ میں حالات عبوری دور میں خراب ہوئے، پولیس کو ملٹری گریڈ اسلحہ دلائیں گے، مراد علی شاہ

سمجھ نہیں آرہا ڈاکوؤں کے پاس ملٹری طرز کا اسلحہ کیسے پہنچا، وزیراعلیٰ سندھ
شائع 31 مارچ 2024 04:06pm

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں حالات عبوری دور میں خراب ہوئے، پولیس کو ملٹری گریڈ اسلحہ دلائیں گے، سمجھ نہیں آرہا ڈاکوؤں کے پاس ملٹری طرز کا اسلحہ کیسے پہنچ رہا ہے، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی مدد سے صوبے میں جلد امن قائم کریں گے۔

کندھ کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کہ کشمور، گھوٹکی، جیکب آباد اور سکھر میں بے امنی کا سبب قبائلی تنازعات ہیں، ان شہروں میں بدامنی کو ختم کیا جائے گا، عبوری حکومت کے دور میں حالات زیادہ خراب ہوئے، قبائلی تنازعات ہی اصل بدامنی کی جڑ ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پہلے ہم پر الزام لگتا تھا کہ سیاسی لوگ امن و امان کو بہتر نہ کرسکے، نگراں حکومت نے 6 ماہ میں کون سی امن وامان کی صورتحال کو بحال کیا، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی مدد سے صوبے میں جلد امن قائم کریں گے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت میں وفاقی حکومت کو ملٹری طرز کے اسلحے کی درخواست کی تھی، اب بھی ملٹری طرز کے اسلحے کے لیے درخواست کریں گے، وفاقی وزیرِ داخلہ سے بھی ملٹری طرز کے اسلحے کے لیے کہا ہے، ہمارے پاس فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، سمجھ نہیں آرہا ڈاکوؤں کے پاس ملٹری طرز کا اسلحہ کیسے پہنچ رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قبائلی تنازعات کا خاتمہ کیے بغیر ڈاکو راج کا خاتمہ ممکن نہیں، قبائلی تنازعات کو ختم کرنے کے لیے مقامی سرداروں سے بھی مدد لی جائے گی، سندھ میں امن کے قیام کے لیے صوبائی وزیر داخلہ مقرر کیا ہے۔

CM Sindh

Murad Ali Shah

sindh

Kandhkot

Syed Murad Ali Shah