Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مہنگائی میں کمی، پے پال فعالیت، وزیراعظم نے وزارتوں کو تحریری اہداف دے دیے، ڈیجٹل مانیٹرنگ ہوگی

ٹیکنالوجی کے ذریعے وزارتوں کی کارکردگی کو جانچا جائے گا، عطاء تارڑ
اپ ڈیٹ 31 مارچ 2024 03:12pm

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وزارتوں کو تحریری اہداف اور ان کی تکمیل کی ڈیڈ لائن دے دی، تمام وزارتوں سے بازپرس ہوگئی، کابینہ میں جواب طلبی کی جائے گی، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اہداف کو دیکھا جائے گا، وزارت خزانہ کو مہنگائی میں کمی کا ٹاسک دیا گیا ہے، وزارت قانون کمزور طبقوں اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے قوانین بنائے گی، وزارت تجارت کو قومی صنعتی پالیسی کی تیاری کا ٹاسک دیا گیا ہے،

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر وزارت کے لیے اہداف مقرر کیے ہیں، وزیراعظم نے وزارتوں کو اہداف کے مطابق ٹاسک دیے ہیں، وزیراعظم نے وزارتوں کو آئی ایم ایف اہداف پورا کرنے کا ہدف دیا ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ہدف دیا گیا ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے اہداف دیے گئے ہیں، وزارت داخلہ کو غیرقانونی اسلحے کے خلاف کریک ڈاؤن کا ہدف دیا ہے، ٹیکنالوجی کے ذریعے وزارتوں کی کارکردگی کو جانچا جائے گا، کابینہ اجلاس میں وزارتوں سے جواب طلبی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزارت تجارت کو تجارتی خسارے کو کم کرنے اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بھی ٹارگٹ دیا گیا ہے جبکہ وزارت نجکاری کو پی آئی اے کی نجکاری کا ہدف دیا گیا ہے، پی آئی اے سے متعلق مذاکرات کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچ چکے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری ہوگی تو حکومت کو اس مد میں ریونیو آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلیے کوشاں ہے، پاکستان میں غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے بھی اہداف مقرر کیے گئے ہیں، کل وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، ہر وزارت کو قلیل المدت، وسط مدت اور طویل المدت اہداف دیے گئے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ کو مہنگائی میں کمی کا ٹاسک دیا گیا ہے، وزارت قانون کمزور طبقوں اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے قوانین بنائے گی، وزارت تجارت کو قومی صنعتی پالیسی کی تیاری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ ہر وزارت کو حقیقت پر مبنی اہداف دیے گئے ہیں، متوازن کابینہ آئی ہے، خود احتسابی کا بھی نظام وضع کیا گیا ہے، پاکستان میں جتنے قوانین پاس ہوتے ہیں اس کے لیے ای پورٹل بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں ہمارے آئی ٹی ماہرین کی مانگ ہے، پے پال جیسی سہولیات کو فعال کرنا اور ملک میں جدید ڈیجیٹل نظام لانا اہم اہداف ہیں، کوشش کریں گے کہ ایکس، فیس بک اور انسٹاگرام کے دفاتر پاکستان میں کھولے جائیں۔

ججوں کے سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط کے حوالے سے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تصدق جیلانی کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا گیا ہے، وہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی کی صحت کے حوالے سے ہمارے سامنے کوئی معاملہ نہیں آیا۔

PMLN

اسلام آباد

Federal Information Minister

ata tarar