Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق

پی ڈی ایم اے نے بارش اور ژالہ باری کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی
شائع 31 مارچ 2024 12:54pm

خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچادی، چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارش اور ژالہ باری کے باعث صوبے میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 روز میں خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچادی، چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں، اسی طرح زخمیوں میں 9 بچے، 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں سے دیواریں اور چھتیں گرنے سے 27 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں 3 گھروں کو مکمل جبکہ 24 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارش سے حادثات پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، بنوں، مہمند، مردان اور شمالی وزیرستان میں رونما ہوئے، متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور، نوشہرہ، مردان ،چارسدہ سمیت میدانی اضلاع میں بارش کا امکان نہیں جبکہ ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن سمیت بالائی اضلاع میں کہیں کہیں ہلکی بارش کی پیش گوئی کردی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بالاکوٹ میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اسی طرح پشاور میں 24 اور ایبٹ آباد میں 34 ملی میٹر بارش ہوئی۔

مزید پڑھیں

کن علاقوں میں مزید بارشیں ہوں گی، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

اسلام آباد اور پنجاب میں تیز آندھی اور بارش، بجلی کا نظام درہم برہم

خیبر پختونخوا

KPK

Rain

death casualties

rainy weather

Children Died

rain incident