خیبرپختونخوا میں بارش کے دوران بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق
خیبر پختونخواہ میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی ہے، جہاں چھتیں گرنے کے واقعات میں تین بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے، دوسری جانب صوبے کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کے پی میں ہونے والی بارش نے جہاں جل تھل ایک کیا، وہیں مکانات کی چھتیں گرنے سے شہریوں کی اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق شانگلہ کی تحصيل الپوری لیلونی بانڈہ چینہ کے مقام کمرے کی چھت گرگئی۔
چھت گرنے سے کمرے میں موجود دو افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی ہے۔
جبکہ بارش کی تباہی سے بنوں میں بھی تھانہ میرا خیل کے قریب گاوں معاویہ میں مکان کی چھت گرگئی اور ملبے تلے دب کر تین بچے جاں بحق ہوگئے۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ان بحق ہونیوالوں میں 9 سالہ اویس، 10 سالہ عاصم اور 8 سالہ تنزیلہ شامل ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبے کے کچھ اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
Comments are closed on this story.