Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سینیٹ انتخابات: الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی

پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ 2 اپریل کو ہوگی
شائع 28 مارچ 2024 02:55pm

سینیٹ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی، پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ 2 اپریل کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی۔

اسلام آباد

اسلام آباد سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے اسحاق ڈار، جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے رانا محمود الحسن میدان میں ہیں۔

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر انصر محمود اور جنرل نشست پر فرزند حسین شاہ میدان میں اترے ہیں۔

سندھ

سندھ سے سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگئی، سندھ سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر 20 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔

سندھ میں سینیٹ الیکشن کی صورتحال دلچسپ ہوگئی، صوبے میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر پیپلز پارٹی کے 6 امیدوار کھڑے ہیں۔

ایم کیوایم کی جانب سے ایک امیدوار میدان میں اتارا گیا ہے جبکہ ایم کیوایم آزاد امیدوار فیصل واوڈا کی بھی حمایت کرے گی۔

پی ٹی آئی نے 3 امیدوار الیکشن میں کھڑے کیے ہیں، جو سندھ سے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیں گے۔

سندھ سے ٹیکنوکریٹ، خواتین اور اقلیتی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کے امکانات واضح ہیں۔

سندھ اسمبلی کے 168 کے ایوان میں 165 ارکان ووٹ ڈالیں گے، پیپلزپارٹی سینیٹ کی 5 جنرل نشستیں باآسانی جیت جائے گی، ٹیکنوکریٹ کے 2 امیدوار سرمد علی اور ضمیرگھمرو کامیاب ہوں گے، خواتین کی 2 نشستوں پر روبینہ قائم خانی اور قراۃ العین مری کامیاب ہوں گی جبکہ اقلیت کی نشست پر پیپلزپارٹی کے پنجو بھیل کامیاب ہوجائیں گے۔

سندھ میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر2اپریل کو انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن نے سندھ سے 20 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی۔

سندھ سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں کے لیے 11 امیدوار میدان میں ہیں، جنرل نشستوں پر پیپلزپارٹی کے 6، ایم کیوایم کا ایک اور 4 آزاد امیدوار مدمقابل ہیں۔

خواتین کی 2 نشستوں کے لیے 3 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا جبکہ خواتین کی نشستوں کے لیے پیپلزپارٹی کی 2 اور ایک آزاد امیدوار میدان میں ہے۔

سندھ سے 2 ٹیکنوکریٹ کی نشستوں کے لیے 4 امیدوار مدمقابل ہیں، امیدواروں میں 2 پیپلز پارٹی اور 2 آزاد امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

سندھ سے اقلیت کی ایک نشست کے لیے 2 امیدوار مدمقابل ہیں، اقلیتی نشست پر پیپلزپارٹی کا ایک جبکہ ایک آزاد امیدوار میں مقابلہ ہے۔

پنجاب

پنجاب میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ منتخب ہونے والے امیدواروں کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا۔

حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، پرویز رشید، احد چیمہ، طلال چوہدری اور ناصر بٹ بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔

سنی اتحاد کونسل کے حامد خان اور علامہ راجہ ناصرعباس بلا مقابلہ سینیٹر بن گئے۔

پنجاب سے ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر 3 امیدوار، خواتین کی 2 مخصوص نشستوں پر 4 امیدوار، ایک اقلیتی نشست پر 2 امیدوار میدان میں ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر 26 امیدوار مدمقابل ہیں، 7 جنرل نشستوں پر 16، ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر6، خواتین کی 2 نشستوں پر 4 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔

اسلام آباد

Senate election

Senate of Pakistan

Senate Technocrat Seat

senate general seats