Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت دے دی

عدالت نے 3 سال سے کم سزا پانے والوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں
اپ ڈیٹ 28 مارچ 2024 05:21pm

سپریم کورٹ آف پاکستان نے خصوصی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت دے دی جبکہ عدالت نے 3 سال سے کم سزا پانے والوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 6 رکنی لاجر بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کی، جس سلسلے میں اٹارنی جنرل منصور عثمان عدالت میں پیش ہوئے۔

لارجر بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت خان بھی شامل تھے۔

سماعت کا آغاز

سماعت کے آغاز میں اٹارنی جنرل نے خصوصی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کو رہا کیے جانے کا امکان ظاہر کر دیا۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کیا کہ 20 افراد ایسے ہیں جن کی عید سے قبل رہائی ہو سکتی ہے، بریت اور کم سزا والوں کو رعایت دے کر رہا کیا جائے گا، جن کی سزا ایک سال ہے انہیں رعایت دے دی جائے گی، مجموعی طور پر 105 ملزمان فوج کی تحویل میں ہیں۔

”کم سزا والوں کو آرمی چیف کی جانب سے رعایت دینا ہو گا“

اٹارنی جنرل نے کہا کہ ملزمان کی رہائی کے لیے 3 مراحل سے گزرنا ہوگا، پہلا مرحلہ محفوظ شدہ فیصلہ سنایا جانا دوسرا اس کی توثیق ہوگی، تیسرا مرحلہ کم سزا والوں کو آرمی چیف کی جانب سے رعایت دینا ہوگا۔

اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی اجازت دینے کی استدعا کی، جس پر جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ اگر اجازت دی بھی تو اپیلوں کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے پوچھا کہ جنہیں رہا کرنا ہے ان کے نام بتا دیں، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جب تک خصوصی عدالتوں سے فیصلے نہیں آجاتے، نام نہیں بتا سکتا۔

”اٹارنی جنرل کی بات سن کر مایوسی ہوئی“

کمرہ عدالت میں موجود بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی بات سن کر مایوسی ہوئی ہے۔

مشروط اجازت

بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت دے دی۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ صرف ان کیسز کے فیصلے سنائے جائیں، جن میں نامزد افراد عید سے پہلے رہا ہوسکتے ہیں، اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ کم سزا والوں کو قانونی رعایتیں دی جائیں گی، فیصلے سنانے کی اجازت اپیلوں پر حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔

سپریم کورٹ نے کے پی حکومت کی اپیلیں واپس لینے کی استدعا بھی منظور کر لی۔ کے پی حکومت نے سویلنز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کےخلاف دائر اپیلیں واپس لینے کی استدعا کی تھی۔

3 سال سے کم سزا پانے والوں کی تفصیلات بھی طلب

عدالت نے 3 سال سے کم سزا پانے والوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کوشش کریں عید سے تین چار دن پہلے انہیں چھوڑ دیں، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جی ٹھیک ہے ہم کوشش کریں گے۔

سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو عملدرآمد رپورٹ رجسٹرار کو جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مزید سماعت اپریل کے چوتھے ہفتے میں ہوگی۔

فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایسا نہ ہو رہائی کے بعد ایم پی او کے تحت گرفتاری ہوجائے۔

سماعت ملتوی

بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت اپریل کے چوتھے ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی۔

Supreme Court

اسلام آباد

militry courts

Military courts in Pakistan

Military Court

Civilians Trial in Military Courts

Military Trial