Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بالٹی مور میں پل تباہ کرنے والے جہاز کا عملہ بھارتی نکلا

جہاز کی طرف سے الرٹ جاری ہونے پر اہلکاروں نے بہت سی گاڑیوں کو پُل پر چڑھنے سے روکا
اپ ڈیٹ 27 مارچ 2024 01:49pm

گزشتہ امریکی شہر بالٹی مور میں پُل تباہ کرنے والے مال بردار جہاز ’ڈالی‘ کا عملہ بھارتی نکلا۔ عملہ 22 نفوس پر مشتمل تھا جو مکمل طور پر محفوظ رہا۔ اب تک 6 ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔

انڈیا ٹوڈے نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں فرانسس اسکاٹ کی برجج جس مال بردار جہاز کی ٹکر سے تباہ ہوا وہ بھارت سے تعلق رکھتا ہے۔ شواہد سےمعلوم ہوا ہے کہ تیز رفتاری سے آنے والے جہاز نے اچانک راستہ بدلا اور پل سے آ ٹکرایا۔ جہاز کے ٹکرانے سے پُل پر سے گزرنے والی کئی گاڑیاں دریا میں جا گریں۔ دو افراد کو بچالیا گیا جبکہ 6 کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے رونما ہوا۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جہاز کے عملے نے مقامی اتھارٹیز کو ’پاور اشو‘ کے حوالے سے خبردار بھی کیا تھا۔ دی چارٹر مینیجر سائنرجی میرین گروپ لمٹیڈ نے بتایا کہ اس واقعے سے آلودگی نہیں پھیلی۔ سنگاپور کے پرچم کا حامل اس جہاز کی مالک سنگاپور کی گرین اوشن پرائیویٹ لمٹیڈ نامی فرم ہے۔

میری لینڈ کے گورنر ویز مور نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ جہاز خاصی تیز رفتار سے آرہا تھا اور اِس نے آخری لمحات میں توانائی ختم ہونے کا الرٹ دیا۔ جہاز کی طرف سے الرٹ ملنے کے بعد متعلقہ اہلکاروں نے گاڑیوں کو پُل پر آنے سے روکا۔ اگر یہ اقدام نہ کیا گیا ہوتا تو درجنوں گاڑیاں پانی میں جا گرتیں۔ اس پُل پر رات کو بھی اچھا خاصا ٹریفک رہتا ہے۔

میری لینڈ کے گورنر نے ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔ وفاق کی طرف سے فنڈز ملنے کی صورت میں پُل کی دوبارہ تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ کئی سرکاری ادارے اس حوالے سے مل کر کام کر رہے ہیں۔ یہ پُل چار رویہ تھا۔ حادثے کے وقت آٹھ افراد پر مشتمل عملہ مرمت میں مصروف تھا۔ یہ آٹھوں افراد بھی دریائے پیٹیپسکو میں جا گرے۔ پل سے ٹکرانے والا 948 فٹ لمبا مال بردار جہاز سری لنکا کی کولمبو بندرگاہ کے لیے روانہ ہوا تھا۔

بالٹی مور پولیس نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جن دو افراد کو اہلکاروں نے بچالیا ہے اُن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ بالٹی مور کی بندرگاہ کاروں کی شپمنٹس کے حوالے سے امریکا کی مصروف ترین بندرگاہوں میں سے ہے۔

INDIAN SHIP CREW

BALTIMORE BRIDGE CALAMITY

POWER ISSUE ALERT