Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی یورپی یونین، آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے بجائے الیکشن ٹربیونلز میں جائے، عطاء تارڑ

تحریک انصاف میثاق معیشت کیلئے اپنا کردار ادا کرے، وفاقی وزیراطلاعات
شائع 25 مارچ 2024 03:13pm

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں تو کبھی یورپی یونین سے الیکشن کی تحقیقات کا کہہ رہے ہیں، اگر آپ کو شکایت ہے تو الیکشن کمیشن یا الیکشن ٹربیونلز میں جائیں، تحریک انصاف بیرون ملک لابنگ کرنے کے بجائے قومی دھارے میں آ کر سیاست کرے اور میثاق معیشت کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشی مسائل حل کرنے پر ہے، اشرافیہ ٹیکس اداکرسکتی ہے، غریب پر بوجھ کم کرنا ہوگا، ان لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا جو ٹیکس دے سکتے ہیں، ٹیکس کا بوجھ وہ اٹھائے گا جس میں بوجھ اٹھانے کی طاقت ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری پر وزیراعظم نے میٹنگز کی ہیں، جو ٹیکس نہیں دیتے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم نے وزراء کی ڈیوٹیاں لگائیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نجکاری ہو یا پی آئی اے کی آؤٹ سورسنگ کام جاری ہے، ملکی معیشت میں بہتری کے لیے روڈ میپ تیار ہورہا ہے، وزیراعظم کی تمام توجہ معاشی اصلاحات پر مرکوز ہے، کل وزیراعظم نے ریکوڈک کے حوالے سے میٹنگ کی، معیشت کو ریکوڈک سے زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مشن ہے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے، وزیراعظم نے دہشت گردی کے حوالے سے بھی بات کی، پہلے بھی امن قائم ہوا تھا اب بھی کریں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک قومی جماعت ہے لیکن رویہ ایسا ہے جیسے چھوٹے بچے آپس میں لڑرہے ہوں، پی ٹی آئی کے رہنما اندرونی سیاست کو چھوڑ کرمیثاق معیشت کے لیے اپنا کردار ادا کریں، آپ کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کبھی یورپی یونین سے الیکشن کی تحقیقات کا کہہ رہے ہیں، اگر آپ کو شکایت ہے تو الیکشن کمیشن یا الیکشن ٹربیونلز میں جائیں، آپ کبھی لابنگ فرمز ہائر کرتے ہیں، آپ کو ڈونلڈ لو نے سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قومی دھارے میں آئے اور یہاں پر سیاست کرے، آپ یورپی یونین سے رپورٹ مانگنے کی بجائے الیکشن کمیشن میں جائیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ گوادرپورٹ اتھارٹی پر پچھلے دنوں حملہ کیا گیا، اس حملے کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی، کریم جان نامی دہشتگرد گوادر پورٹ اتھارٹی کے حملے میں ملوث تھا اور وہ ہلاک ہوا، یہ تشویشناک بات ہے کہ اگست 2022 سے کریم جان کو مسنگ پرسن ڈیکلیئر کیا جا رہا تھا۔

عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ گوادر پر حملہ ہماری معیشت پر حملہ ہے، ملک میں امن قائم کرنے کے لیے حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

احد چیمہ سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ احمد چیمہ کے بچے 3 سال وہاں نہیں پڑھ رہے تھے، جب آپ کے بچے نہیں پڑھ رہے تو نہ پڑھنے کی فیس نہیں دی جاسکتی، قانون اور رولز کے مطابق انہوں نے درخواست دی، درخواست میں کہا میرے بچے وہاں نہیں پڑھے رہے، جب بچے پڑھ نہیں رہے تو فیس کس بات کی ادا کی جائے، اس کو غلط رنگ دیا جارہا ہے، رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیں توپتہ چلے۔

pti

PMLN

اسلام آباد

IMF

Federal Information Minister

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

ata tarar