Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پیپلز پارٹی کا خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا باہر ڈائیلاگ مارتے ہیں، اندر وزیراعظم کی منتیں کرتے ہیں، فیصل کریم کنڈی
شائع 22 مارچ 2024 02:42pm

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے الیکشن کمیشن اور عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی باہر ڈائیلاگ مارتے ہیں، اندر وزیراعظم کی منتیں کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بوکھلاہٹ کا شکارہے، مخصوص نشستوں پر حلف کے لیے اجلاس نہیں بلایا جا رہا، وزیراعلیٰ کے پی باہر ڈائیلاگ مارتے ہیں، اندر وزیراعظم کی منتیں کرتے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور اچھے بچے کی طرح وزیراعظم کے سامنے پیش ہوئے، ہم چاہتے ہیں کہ صوبے اور فیڈریشن میں اچھے تعلقات ہوں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل مکمل ہوجائے گا، سینیٹ الیکشن میں حکومتی اتحاد کامیاب ہوگا، ابھی ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں مگر سینیٹ انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل پورا ہو جائے گا، ابھی بجٹ آنا ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے مگر کوشش ہوگی کہ عوام کو ریلیف دیں۔

ملک میں بڑھتی دہشتگردی پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت نے بار بار افغانستان کو پیغام دیا کہ آپ کی زمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور اب ہم اسے اور نہیں برداشت کرسکتے، ہم پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر اس کا مطلب نہیں کہ آپ اپنی سرزمین ہمارے دشمنوں کے حوالے کرے۔

پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اب بہت ہوگیا، اب یہ چیزیں برداشت نہیں کرنی چاہیے، ہم روزانہ نعشیں نہیں اٹھا سکتے،اب بات بیانات سے آگے نکل گئی ہے۔

اسلام آباد

PPP

KPK Assembly

KP Assembly

Pakistan People's Party (PPP)

faisal kareem kundi