Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز ہولڈنگ کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی

فیصلہ قومی ائر لائن کی نجکاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
شائع 21 مارچ 2024 10:13am

وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز ہولڈنگ کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جو قومی ائر لائن کی نجکاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) پر بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ نئے طویل مدتی پروگرام کے حوالے سے آئی ایم ایف کے ساتھ ابتدائی بات چیت ہوئی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ پی آئی اے کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فی الحال ہولڈنگ کو کے سی ای او کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

وزیر اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اُنہوں نے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو دنیا بھر کے بہترین متعلقہ سرمایہ کاروں کو پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے قائل کرے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور کابینہ کے ارکان نے رضاکارانہ طور پر سرکاری سطح پر کفایت شعاری کو فروغ دینے کے لیے تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت تجارت کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی جو درآمدات اور برآمدات سے متعلق پابندیوں سے استثنیٰ کا تعین کرے گی۔

وفاقی وزیر تجارت اس کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جو ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013 کی دفعہ 21 کے تحت استثنیٰ کا تعین کرے گی اور اس حوالے سے اپیلوں کی سماعت بھی کرے گی۔

وزارت داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری/نظر بندی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر قائم وفاقی کمیشن کی سفارشات متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو بھیجنے کی منظوری بھی دی۔

وزارت قانون و انصاف کی تجویز اور سندھ ہائی کورٹ کراچی کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے بینکنگ کورٹ ٹو حیدرآباد میں ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غلام شاہ کی خدمات ان کے محکمے میں واپس کرنے کی منظوری دی ۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو بتایا کہ ایف بی آر کے 2400 ارب روپے سے زائد کے مقدمات عدالتوں اور ٹریبونلز میں زیر التوا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈیجیٹل سسٹم لانچ کیا جا رہا ہے جس سے زیر التوا مقدمات کے حل میں تیزی آئے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں میر علی دہشت گرد حملے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نئی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم میر علی دہشت گرد حملے کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ کابینہ نے ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔

federal cabinet

federal government

PIA

Pakistan International Airlines