Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پر اظہار رائے کیلئے نئے قوانین بنانے کا مطالبہ کردیا

ہمیں اپنے قوانین کا از سر نو جائزہ لینا چاہیے کہ کیا غلط استعمال ہو رہا ہے، محسن نقوی
شائع 19 مارچ 2024 07:44pm

وزریر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہمیں آن لائن اظہارِ رائے کے حوالے سے نئے قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔

محسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’اظہار خیال ٹھیک ہے، لیکن لوگوں پر جھوٹے الزامات لگانا غلط ہے، ایسا ہو رہا ہے اور اسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہمیں اپنے قوانین کا از سر نو جائزہ لینا چاہیے کہ کیا غلط استعمال ہو رہا ہے۔‘

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اور مقبول اپوزیشن لیڈر عمران خان کی انتخابی مہم میں ایکس، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

ان کی زیادہ تر انتخابی مہم آن لائن چلی، جہاں اسے متعدد سوشل میڈیا بلیک آؤٹ کے ذریعے بند کیا گیا، تاہم نگراں حکومت نے اسے تکنیکی خرابی قرار دیا۔

پولنگ کے دن ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ کی بندش سے دھاندلی کے دعوؤں کو بھی تقویت ملی، جس پر نگران حکومت نے کہا کہ ایک دن پہلے جڑواں بم دھماکوں میں 28 افراد کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اس کی ضرورت تھی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس بھی 17 فروری سے بند ہے، لیکن گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران بعض اوقات یہ سائٹ چند لمحوں کیلئے قابل رسائی رہی ہے۔

Interior Minister

social media

mohsin naqvi

New Laws For Social Media