Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت کی فراہم کردہ الیکٹرک بائیک کیسے ملے گی، وزیراعلیٰ پنجاب نے تفصیلات بتا دیں

پنجاب کابینہ کی ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لاء افسران کی تعداد 98 سے کم کر کے 66 کرنے کی منظوری
شائع 19 مارچ 2024 03:15pm

پنجاب کی صوبائی کابینہ نے سال 2023-24 کے سالانہ بجٹ اور ضمنی بجٹ گرانٹ کی منظوری کی توثیق کرتے ہوئے لاہور نالج پارک کو پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دی جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حکومت کی فراہم کردہ الیکٹرک بائیک کی تفصیلات بتا دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کا تیسرا اجلاس ہوا، جس میں سال 24-2023 کے سالانہ بجٹ اور ضمنی بجٹ گرانٹ کی منظوری کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں لاہور نالج پارک کو پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی گئی، پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی سٹی بنانے کے لیے اراضی سی بی ڈی کومنتقل کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئی ٹی سٹی کے دونوں ٹاورز ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں، جس میں گوگل، مائیکروسافٹ جیسے ٹیک جائنٹس دلچسپی کا اظہار کرچکے ہیں، نالج سٹی میں عالمی تعلیمی اداروں کو کیمپس بنانے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔

کابینہ نے پنجاب بینک کی جانب سے 20 ہزار الیکٹرک بائیک کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری بھی دی، مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بائیکس ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے ضروری ہے لیکن بیٹری چوری اور کم مائیلج کی وجہ سے فی الحال موزوں نہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے الیکٹرک بائیک کے ساتھ پٹرول بائیک بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے، طلباء پر بوجھ کم کرنے کیلئے ڈاؤن پیمنٹ کم کر کے 25 ہزار اور ماہانہ قسط بھی پانچ ہزار سے کم ہوگی، رواں سال مئی سے بائیکس کی تقسیم شروع کی جائے گی، امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کے لیے اس حوالے سے الگ اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں پنجاب ایئر ایمولینس پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایئر ایمبولینس پروجیکٹ کی آزمائشی بنیادوں پر آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بڑے لوگوں کے لیے سب سہولتیں ہیں، غریب آدمی کی زندگی بچانے کے لئے کچھ نہیں، اپنے لوگوں کو بروقت علاج کی ہر سہولت دینا چاہتے ہیں۔

مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں ہارٹ ٹیک کے مریضوں کے علاج اور منتقلی کی مناسب سہولتیں نہ ہونا افسوس ناک ہے، دفاتر میں بیٹھ کر لگتا ہے کہ ایئر ایمبولینس کی ضرورت نہیں، مگر اس کی ضرورت ہے، ریسکیو 1122 کو ایمرجنسی میں ایئر ایمبولینس کے لیے 11 سو کالیں موصول ہوئیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں غریب آدمی کی تکلیف محسوس نہیں ہوتی، کتنے دکھ کی بات ہے کہ سینیٹری ورکرز سیفٹی کٹ نہ ہونے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، لاہور پی آئی سی ایمرجنسی میں ہارٹ اٹیک کے مریض دوردراز علاقوں سے 8 گھنٹے میں پہنچے۔

کابینہ اجلاس میں پنجاب میں لا افسروں کی تعداد 66 کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی، اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں ساڑھے 12 کروڑ عوام کو دیکھنا ہے صرف سیاسی فائدے کے لیے فیصلے نہیں کرنے، انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی کی سفارش کی ہے نہ کریں گی، کسی افسر کی تعیناتی کا نہیں کہا، سرکاری ملازمت میں کرپشن، سیاسی وابستگی اور نا اہلی برداشت نہیں ہو گی۔

صوبائی کابینہ نے اپنے تیسرے اجلاس میں عدالتی ہدایت پر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل میں ٹرائل کی منظوری سمیت سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں توسیع کی اصولی منظوری دے دی۔

اسی طرح مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ میں حکومت پنجاب کے گریڈ 19 کی آسامی کی بھی منظوری دی گئی۔

ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لاء افسران کی تعداد 98 سے کم کر کے 66 کرنے کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں کابینہ اجلاس میں بڑا فیصلے کرلیے گئے، ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لاء افسران کی تعداد 98 سے کم کر کے 66 کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں پنجاب کابینہ نے ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لاء افسران کی تعداد 98 سے کم کر کے 66 کرنے کی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ نے پرویز الہیٰ کے دور میں بڑھائی گئی 32 سیٹیں ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

دوسری جانب لاء افسران کو فارغ کرنے یا بحال رکھنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی پرفارمنس کی بنیاد پر لاء افسران کو رکھنے یا فارغ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا میکنزم نافذ کرنےکا پلان طلب کر لیا، صوبے بھر میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا جبکہ عوام کو صفائی کی سہولت یقینی بنانے کے لیے لوکل کمیونٹی کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایران کے قونصل جنرل کی ملاقات

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر کی ملاقات ہوئی۔

ایرانی قونصل جنرل نے وزیر اعلیٰ مریم نوازکو منصب سنبھالنے پرمبارکباد پیش کی جبکہ وزیراعلیٰ مریم نوازنےایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی و پرسنل سیکرٹری کا تقرر

ادھر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے معاونِ خصوصی و پرسنل سیکریٹری کا تقرر کر دیا گیا۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ذیشان عاشق ملک وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور مقرر کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ صائمہ فاروق کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی پرسنل سیکریٹری تعینات کر دیا گیا۔

cm punjab

Maryam Nawaz

lahore

punjab cabinet

CM Punjab Maryam Nawaz

electric bike