Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیض حمید کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سماعت کیلئے مقرر، بڑے بھائی نجف حمید گرفتار

نجف حمید محکمہ انسداد رشوت ستانی کو ایک مقدمہ میں مطلوب تھے
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2024 07:50am

سابق ڈی جی، آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کے بڑے بھائی اور سابق تحصیلدار نجف حمید کو راولپنڈی سے گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور 2 صحافیوں کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر ایف آئی اے میں مقدمہ اندراج کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

محکمہ انسداد رشوت ستانی نے راولپنڈی کی عدالت سے نجف حمید کو گرفتار کیا، وہ محکمہ انسداد رشوت ستانی کو ایک مقدمے میں مطلوب تھے اور انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا رکھی تھی۔

نجف حمید کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، وہ تاخیر کے ساتھ عدالت پہنچے تو عدالت نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

محکمہ انسداد رشوت ستانی کا عملہ نجف حمید کو حراست میں لے کر چکوال روانہ ہوگیا، انہیں کل جسمانی ریمانڈ کیلئے عدالت پیش کیا جائے گا۔

نجف حمید سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بڑے بھائی ہیں جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن چکوال میں ان کے خلاف فراڈ سیکشن 420.468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ اپریل 2023 میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے بھائی سردار نجف حمید کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے تحقیقات شروع کیں تھیں۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر چکوال کو خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سردار نجف حمید کی زمینوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی کے مطابق سردار نجف حمید نے نائب تحصیلدار سے گرداور کے عہدے پر ترقی کے لیے کئی سینئرز کو سُپر سیڈ کیا تھا اور آمدن سے زائد اثاثے بنائے تھے۔

واضح رہے کہ نجف حمید کو 16 فروری 2023 کو نائب تحصیل دار کے عہدے سے معطل کیا گیا تھا اور ان کو چارج فوری چھوڑ کر کمشنر آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نائب تحصیلدار نجف حمید کو مِس کنڈکٹ اور عوامی مفادات کے پیش نظر معطل کیا گیا تھا۔

جنرل (ر) قمر باجوہ، فیض حمید کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور 2 صحافیوں کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر ایف آئی اے میں مقدمہ اندراج کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

ریٹائرمنٹ کے بعد قانونی رکاوٹ توڑنے اور مختلف ایونٹس کو غلط بیان کرنے کے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس 25 مارچ کو ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق مقدمہ اندراج کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید کو نوٹس جاری کر رکھا ہے، اس کے علاوہ عدالت عالیہ نے صحافی جاوید چوہدری، شاہد میتلا اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

شہری عاطف علی نے اپنی دائر کردہ درخواست میں سابق فوجی افسران کے سیاست میں کردار سے متعلق خبروں پر مذکورہ صحافیوں اور سابق جرنیلوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی ہے۔

rawalpindi

DG ISI

Arrested

General Faiz Hameed

general r faiz hameed

najaf hameed