Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیر افضل مروت کے پارٹی چھوڑنے والوں کی نازیبا ویڈیوز کے حوالے سے ہوشرُبا انکشافات

عمران خان کے عارف علوی کے بارے میں کیا خیالات ہیں؟ شیر افضل مروت نے تمام راز فاش کردیے
شائع 17 مارچ 2024 09:51pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئیر رہنما شیر افضل مروت نے سابق صدر عارف علوی، پارٹی چھوڑنے والوں کی ویڈیوز اور خیبرپختونخوا میں کرپشن کے حوالے سے ہوشرُبا انکشافات کیے ہیں۔

یوٹیوب پر صحافی مبشر لقمان کو دیے گئے انٹرویو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ ’خان صاحب کو ابتداء میں اپنے سابق ساتھیوں کے جانے کا بڑا دکھ ہوتا تھا اور ہمیں انہیں یہ بتانے میں بڑی خفت محسوس ہوتی تھی کہ آج فلاں چلا گیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو اسد عمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک اور محمود خان سے بالکل امید نہیں تھی کہ یہ لوگ ہلیں گے۔ خان صاحب ان لوگوں کو شاید اس لیے کبھی معاف نہ کریں کہ انہوں نے دوسروں کیلئے راستہ بنوا دیا، اگر یہ لوگ ڈٹ جاتے تو ہماری قیادت اس بری طریقے سے نہ ٹوٹتی۔

ان کی اس بات کے جواب میں مبشر لقمان نے کہا کہ ’وہ کیسے (پارٹی چھوڑنے سے) منع نہ کرتے، ان میں سے کچھ کی ہوٹل کے اندر لڑکیوں کے ساتھ نازیبا ویڈیوز تھیں، کچھ کے پیسے کھاتے ہوئے اور رشوتیں لینے کے پروف (ثبوت) تھے، انہوں نے تو ایک سیکنڈ میں جانا تھا‘۔

جس پر شیر افضل مروت نے کہا کہ ’بالکل، آپ کی بات صحیح ہے، میں تصدیق کرتا ہوں کہ جو ہم سے گئے ان میں سے بیشتر کے حوالے سے شہادتیں تھیں ویڈیوز کی، ان کو بلیک میل کیا گیا، اور وہ ڈھے گئے‘۔

شیر افضل کے مطابق کچھ نے اخلاقی طور پر اور اپنے خاندانی روابط کو بچانے کیلئے دوسری جماعت کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ ’مزے کی بات یہ ہے کہ بہت ساری ویڈیوز اس دور میں بنی تھیں جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی، اور یہ کِیا تھا اور اس میں زیادہ تر حصہ جو تھا وہ فیض صاحب کا تھا‘۔

مبشر لقمان نے تصدیق چاہی کہ ’جنرل فیض حمید؟‘ جس پر انہوں نے جواب دیا ’جی ہاں‘۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ جب ویڈیوز سامنے آئیں اور یہ پتا چلا کہ یہ جنرل فیض کا دور تھا تو پھر اس سوچ میں تبدیلی پیدا ہوئی کہ وہ پی ٹی آئی کے خیرخواہ ہیں۔ انہوں نے ہمارا بن کے ہمیں گمراہ کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار پی ٹی آئی کو لیڈر نہیں تھا، اس کا جو قد کاٹھ تھا، جو سیاسی بصیرت تھی، اس کو شاید کوئی لیڈر بننے بھی نہ دے، ’وہ ایک فِل اِن دا بلینکس تھا‘۔

’عارف علوی عمران خان کے ساتھ کھڑا رہا یا دھوکہ دے گیا؟‘ اس سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ ’ چونکہ میری خان صاحب کے ساتھ عارف علوی صاحب کے موضوع پر کئی مرتبہ گفتگو ہوئی ہے تو میں بڑا سیفلی (محفوظ طریقے سے) یہ کنکلوڈ کر سکتا ہوں کہ خان صاحب کی نظر میں بھی عارف علوی اپنا اعتماد کھو چکے ہیں، بہت پہلے، جب یہ حج پہ گئے تو اس دور کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پی ڈی ایم حکومت نے اس وقت کے چئیرمین سینیٹ کے زریعے جو قائم مقام صدر بنا، وہ قانون سازیاں کرائیں جن کو آج تک ہم بھگت رہے ہیں’۔

شیر افضل مرورت نے مزید کہا کہ ’پھر انہوں نے ان کی سب سے پرائم (بنیادی) ڈیوٹی جو تھی وہ تھی الیکشن کمیشن کو تاریخ دینا، انہوں نے کیا کیا، انہوں نے ظلم کیا پاکستان کے ساتھ بھی ، آئین کے ساتھ بھی اور اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بھی، انہوں نے اپنے اس عہدے سے اپنے اس منصب سے انحراف کرتے ہوئے، اور انگریزی کا ایک لفظ ہے ”شرک“، اپنی ڈیوٹی کو شرک (Shirk) کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو لکھا کہ آپ تاریخ مقرر کردیں، اس سے بڑی انٹلیکوئل ڈس ہونیسٹی (عقلی بے ایمانی) نہیں ہوسکتی‘۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد جب خان صاحب سے میری ملاقات ہوئی انہوں نے عارف علوی کیلئے انتہائی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ایسے بھی لوگ ہیں جنہوں نے پرویز خٹک سے بھی زیادہ مال کمایا ہے، محمود خان نے جو دولت کمائی ہے اور جس انداز میں کمائی ہے بالخصوص مائننگ کے شعبے سے، ان کی اور بھی کئی ساری چیزیں ہمارے ریڈار پر آئی ہیں۔

imran khan

Arif Alvi

pti leaders

Leak Videos

Sher Afzal Marwat

black mailing

Illicit Videos