Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’گھر اجاڑ دیا، کوئی پوچھنے والا نہیں‘، کراچی کا ایک اور نوجوان بے رحم ڈاکوؤں کا نشانہ بن گیا

فرحان کا دودھ کا کاروبار تھا، لین دین کے باعث رات میں نکلتا تھا
شائع 17 مارچ 2024 04:05pm
File Photo
File Photo

کراچی میں ایک اور جوان ڈکیتوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا ہے، عیسی نگری میں ڈکیتوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس پر فرحان دوران علاج انتقال کر گیا۔

عیسیٰ نگری میں فرحان اپنے دوست شعیب کے ہمراہ گھر کی طرف آ رہا تھا، کہ اسی دوران ڈکیتوں کی جانب سے ان کا تعاقب کیا گیا تھا۔

ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے شعیب اور فرحان زخمی ہو گئے تھے تاہم دوران علاج فرحان دم توڑ گیا تھا۔

مقتول کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں، جبکہ مقتول کے گھر عزیز و اقارب اور رشتہ داروں کی آمد جاری ہے۔

زخمی دوست شعیب کا کہنا ہے کہ ہم عیسی نگری سے گھر آرہے تھے، فرحان موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا تھا، فرحان نے کہا ڈاکو آگئے ہیں، ڈاکوؤں نے ہمیں روکنے کی کوشش کی، موٹرسائیکل تیز کرنے پر فائرنگ کردی۔

مقتول فرحان کے بھائی کا کہنا ہے کہ فرحان شادی شدہ تھا لیکن اولاد نہیں ہے۔ فرحان کا دودھ کا کاروبار تھا، لین دین کے باعث رات میں نکلتا تھا۔

فرحان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکو آزاد ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ہم پر کیا گزر رہی ہے گھر اجاڑ دیا، جبکہ اہلخانہ نے مطالبے میں کہا کہ ڈاکوؤں کو سر عام سزا دینی چاہیے۔

ہم غیر محفوظ ہیں خوف کا شکار ہیں۔ دوسری جانب واقعہ کا مقدمہ پی آئی بی کالونی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ زخمی شعیب کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

واضح رہے رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 40 شہری اپنی جان کی بازی ہار بیٹھے ہیں۔

karachi

Karachi Police

Dacoity