Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عرب ممالک نئی زمینی گزر گاہیں کھول کر صہیونی مجرم فوج کی خدمت کر رہے ہیں، ایرانی قونصل جنرل

غزہ میں تمام جرائم، امریکا کی مکمل حمایت اور بعض عرب ممالک کی خیانت سے انجام پا رہے ہیں، حسن درویش وند
شائع 16 مارچ 2024 08:18am
فوٹو۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔ آج نیوز

ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا کہ غزہ میں تمام جرائم، امریکا کی مکمل حمایت اور بین الاقوامی اداروں کی بے عملی اور بعض عرب ممالک کی خیانت سے انجام پا رہے ہیں، بعض عرب ممالک نئی زمینی گزرگاہیں کھول کر صہیونی مجرم فوج کی خدمت کر رہے ہیں۔

ایرانی قونصل جنرل کی جانب سے گورنر بلوچستان، سیاسی رہنماؤں اور تاجر برادری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ، مسلم لیگ ن کے جعفر مندوخیل سمیت دیگر شریک ہوئے۔

افطار ڈنر کے موقع پر ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا کہ داعش جیسے خوفناک اور دہشت گرد گروہوں کی تشکیل ہمارے خطے میں امریکا کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کی جانب سے قتل و غارت اور لوٹ مار کی ذمہ داری یقیناً امریکا اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ پانچ ماہ سے انتہائی گھناؤنے طریقے سے قتل عام کیا جا رکھا ہے، ابتک 31500 سے زائد بچے، خواتین اور بزرگ فلسطینی شہید جبکہ 73 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔

ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نے امریکا اور دیگر طاقتوں کی حمایت سے غزہ کے مظلوم اور بے گناہ عوام پر ہزاروں ٹن بم گرائے، اسرائیل نےسینکڑوں جنگی جرائم ، اجتماعی پھانسی، اسپتال، اسکول، گرجا گھر، مساجد اور پناہ گزین کیمپوں پر بمباری جیسے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ مشکل صورتحال میں ایران، غزہ اور مغربی کنارے کے مظلوم عوام کی حمایت میں کھڑا رہے گا۔

Iran

Israel Palestine conflict

Gaza War