Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور ہائیکورٹ کی رمضان میں مارکیٹس رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت

عدالت نے ریسٹورنٹس کی پارکنگ سے متعلق پلان بھی طلب کر لیا
اپ ڈیٹ 15 مارچ 2024 12:45pm
فوٹو۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔ فائل

لاہور ہائیکورٹ نے رمضان کے دوران مارکیٹس رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی جبکہ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہفتے اتوار کو مارکیٹ رات ایک بجے تک کھلی رہ سکتی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ جمع کرائی ، جس میں کہا کہ ریسٹورنٹس کی پارکنگ کم ہوتی ہے اور ڈائنگ ہال بہت بڑے بڑے ہوتے ہیں ،جس وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ریسٹورنٹ ملکان سے پارکنگ سے متعلق پلان طلب کرلیا۔

دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں صفائی کا کام شروع ہوچکا ہے، ٹولنٹن مارکیٹ میں صبح صبح مردہ مرغیوں کے ٹرک آتے ہیں۔ مردہ مرغی کا گوشت 30 روپے والے شورامے میں استعمال ہوتا ہے، اس حوالے سے محکمہ ہیلتھ اور فوڈ اتھارٹی کو ایکٹو کردیا ہے اور انہوں نے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں۔

عدالت عالیہ نے رمضان میں مارکیٹس رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی اور اسموگ تدارک کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ رمضان میں مارکیٹس رات بارہ بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت سے 2 روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے ریسٹورنٹس کو رمضان میں افطار سے سحری تک کھلا رکھنے کی اجازت بھی دی تھی۔

بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کی درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا تھا، دوران سماعت مختلف محکموں نے رپورٹس پیش کیں۔

بدھ کو ہی کمیشن نے رپورٹ میں بتایا کہ ریسٹورنٹس اور کیفے مالکان تمام عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروانے کے پابند ہوں گے، رمضان میں افطار سے سحری تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے جو عدالت نے منظور کرلی تھی۔

Lahore High Court

Lahore smog

ramadan 2024