Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عالمی سطح پر تیل کی طلب میں اندازوں سے بڑھ کر اضافہ

یومیہ مزید 13 لاکھ بیرل تیل خریدا جانے لگا، یوکرین اور غزہ کے حالات نے بحرانی کیفیت پیدا کردی
شائع 15 مارچ 2024 10:08am

دنیا بھر میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر دی انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے تیل کی طلب میں اضافے سے متعلق اپنی پیش گوئی اپ گریڈ کردی ہے۔

توانائی کے بین الاقوامی ادارے نے اپنے پچھلے تخمینے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اب کہا ہے کہ 2024 کے دوران دنیا بھر میں تیل کی طلب میں مجموعی طور پر یومیہ 13 لاکھ بیرل کا اضافہ ہوگا۔

آئی ای اے نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ رواں سال دنیا بھر میں تیل کی مجموعی طلب میں یومیہ 11 لاکھ 90 ہزار بیرل کا اضافہ ہوگا۔

2023 میں آئی ای اے نے تیل کی مجموعی طلب میں یومیہ 23 لاکھ بیرل اضافے کا تخمینہ ظاہر کیا تھا۔

تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) کی طرف سے پیداوار میں کمی کیے جانے کے بعد آئی ای اے نے تیل کی رسد سے متعلق اپنی پیش گوئی کا گراف بھی نیچے کردیا تھا۔

اوپیک کے ارکان نے عالمی منڈی میں تیل کے نرخ بڑھوانے کے لیے پیداوار میں کمی کی پالیسی اپنائی ہے۔ یوکرین کی جنگ اور اس کے بعد اب غزہ کی صورتِ حال نے بھی دنیا بھر میں تیل کی طلب بڑھائی ہے۔ مالدار ممالک اضافی تیل بھی خرید رہے ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتِ حال میں اتنا تیل ملک میں رہے جس سے معیشت کو چلتا رکھا جاسکے۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے ردِعمل کے طور پر بحیرہ احمر میں اسرائیل اور اس کے حامیوں کے جہازوں پر یمن کی حوثی ملیشیا کے حملوں کے باعث تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں تیل کی ترسیلات تاخیر کی نذر ہوئی ہیں اور کئی ممالک میں بحرانی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔

WORLD OIL PRICES

GLOBAL SUPPLY

GLOBAL DEMAND

THE INTERNATIONAL ENERGY AGENCY

OPEC CUTS PRODUCTION