Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

دوست ملکوں نے واضح عندیہ دیا ہے کہ امداد نہیں بذریعہ سرمایہ کاری مدد کرنا چاہتے ہیں، محمد اورنگزیب

پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ہم درست سمت میں بڑھ رہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ
شائع 13 مارچ 2024 10:53pm

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دوست ملکوں نے واضح عندیہ دیا ہے کہ وہ امداد نہیں بذریعہ سرمایہ کاری مدد کرنا چاہتے ہیں، دوست ملکوں سے قرض لے کر رول اوور کروانے کا فارمولا اب نہیں چلے گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ سہہ ماہی سال 2023 کے مقابلے میں بہتر ہے، پہلے کے مقابلے میں جی ڈی پی بہتر ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں میکرو استحکام کو مستقل کرنا ہے، کوئی سوئچ نہیں ہے جو دبائیں تو میکرو استحکام کے ثمرات ملنا شروع ہوجائیں۔ ہم نے ایف بی آر کی اصلاحات پر کام شروع کردیا ہے، چین کی مارکیٹ میں ہم نے ابھی ٹیپ نہیں کیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال آئی ٹی میں ساڑھے تین ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہے، چاول کی فصل اچھی ہوئی ہے جس کی برآمد سے 2 ارب ڈالر کمائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کو فاسٹ ٹریک کرنا ہے، پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ہم درست سمت میں بڑھ رہے ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی پرائیویٹ سیکٹر میں لے جائیں گے، ریونیو لیکیج روکنے کےلیے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن ہوگی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ توانائی کے مسائل حل ہونے تک صںعتوں کی مسابقتی ترقی نہیں ہوسکتی۔

وزیر خزانہ نے مہنگائی اور شرحِ سود میں جلد کمی کی توقع، اخراجات میں کمی کا عزم بھی کیا۔

Muhammad Aurangzeb